پیازمستثنیٰ،دہلی کے بعدمہاراشٹردوسری ریاست
ممبئی، 29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر کابینہ کی میٹنگ میں منگل کو ہوئے ایک اہم فیصلے سے کسانوں کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔حکومت نے کسانوں کو پھل اور سبزیاں صارفین تک براہ راست فروخت کا راستہ کھولنے کا فیصلہ لیا ہے۔اس سے پہلے دہلی حکومت ایسا فیصلہ لے چکی ہے۔مہاراشٹر کے کوآپریٹوز وزیر چندرکات پاٹل نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اس سے کسانوں کو اپنی مصنوعات کا صحیح دام مل سکے گا،جس سے ان کی آمدنی بھی بڑھے گی اور یقین بھی۔پاٹل ممبئی میں صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کو عمل میں لانے کے لئے ضروری قانونی تبدیلیاں کی جائیں گی۔موجودہ حالات میں کسانوں کو ان کی مصنوعات فروخت کرنے کے لئے اے پی ایم سی یعنی سرکاری منڈی کا ہی سہارا ہوتا ہے۔یہاں 7.5سے 10فیصد تک دلالی دینے کے بعد کسان کو پیسے ملتے ہیں۔یہ رقم مارکیٹ کی قیمت سے کافی کام ہوتی ہے۔یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسی کے تحت مہاراشٹر حکومت نے کسانوں کو اپنا مال کھلی مارکیٹ میں فروخت کی چھوٹ دینے کا فیصلہ لیاہے۔تاہم کسانوں کو سبزیاں کھلی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی چھوٹ دینے والے اس فیصلے سے پیاز اور آلو کو الگ رکھاگیا ہے۔مہاراشٹر ملک کی سب سے بڑی پیاز پیداواری ریاست ہے۔