منگلورو:یکم نومبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکلی جماعت المسلمین منگلورو کا سالانہ جلسہ 30/اکتوبر کو مینگلورکے سلطان باتھیری میں واقع ’دی بوٹ کلب‘ میں منعقد ہوا۔ جس کے دوران ایم اے غنی تعلیمی ایوارڈبرائے سال2020-21اور2021-22اور ’’ہماری قوم ہمارا ذائقہ ‘‘ عنوان کے تحت منعقدہ پکوان مقابلے میں حصہ لینے والوں کے درمیان ایوارڈ اورانعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔
پکوان مقابلے میں بھٹکل نوائط کمیونٹی کے ناشتوں کو اول، دوم اور سوم انعامات سے نوازا گیا۔ جس مٰں فیضیہ ایس ایم کا بنایا ہوا ناشتہ ’ موگا گوڑان ‘ کو اول ۔ سلمہ منیری کا ناشتہ ’ترئے پولی ‘ اور عائشہ سہیل کا بنایا ہوا ناشتہ ’ امبٹیا گوڑان ‘ نے مشترکہ طورپر دوم انعام حاصل کیا جبکہ نصرت جبین کا تیارکردہ ناشتہ ’شوپا پانا پُڈنگ‘ نے سوم انعام حاصل کیا۔ اول ، دوم اور سوم انعام حاصل کرنےوالوں کو بالترتیب 5 ہزار، 3 ہزار اور 2 ہزار روپئے نقد مع سند سے نوازا گیا۔
ایم اے غنی تعلیمی ایوارڈ : برائے سال 2020-21کے لئے ایس ایس ایل سی میں سینٹ تھریسا اسکول سے 85.50فی صد کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے والی طالبہ امل عمر بنت عمر زعیم مصباح ،پی یو سی سکینڈ میں حرا وومنس پی یوکالج سے 90.33فی صد سے کامیاب لامس بنت محمد عاکف اور شری دیوی کالج سے بی ایس سی انٹیرئیر ڈیزائننگ میں 90.38فی صد سے کامیاب رابعہ سمعان بنت محمد شعیب جوباپو کو ایوارڈ سے نوازا گیا تو سال برائے 2021-22کےلئے فاطمہ رفیعہ بنت شیخ عمر مرچنٹ، محمد عفنان ابن ارشاد احمد دامدا، امنہ سہ بنت محمد یسین محتشم ، مریم آفتاب بنت آفتاب کولا، خدیجہ ایس ایم بنت ایس ایم اشفاق ، محمد زبیر ابن محمد عرفان اکرمی ، انس ابن عبدالرحیم ایس بی ، حذفیل ابن سلیم خلیفہ ندوی ، سید ریان ابن سید سلیمان ایس جے، مشہد ابن مجیب الرحمن رکن الدین ، رقیہ بنت جوکاکو محمد اسماعیل ، فاطمہ بنت احمد طاہر رکن الدین اور فوزان احمد ابن محتشم فیضان غنی کو تعلیمی ایوارڈ سے نوازاگیا۔
سالانہ جلسےکی مناسبت سے تین نشستیں منعقد ہوئیں ۔ پہلی نشست میں جماعت کے دستور میں کی گئی ترمیمات کو منظوری دی گئی تو دوسری نشست میں سالانہ عام اجلاس منعقد ہوا، تیسری اور اختتامی نشست میں تعلیمی ایوارڈ اور پکوان مقابلے کے انعامات تقسیم کئے گئے۔
اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی بھٹکل جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ جن طلبا کو ایم اے غنی تعلیمی ایوارڈ سے نوازا جارہاہے ان طلبا و طالبات کو مرحوم کی خدمات سے بھی آشنا کیاجانا ضروری ہے کیونکہ ایسے مخلص بندوں کی خدمات سے ہی نوجوان نسل قومی خدمت میں آگے بڑھے گی ۔ انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے صدر عبدالمجید جوکاکو اوراسلامک اسٹیڈیز ینوپویا یونیورسٹی منگلور کے صدر ڈاکٹر جاوید جمیل نے بھی خیالات کا اظہارکیا۔ جماعت کے صدر ایس ایم ارشد نے صدارتی کلمات پیش کئے۔ مختلف نشستوں میں حافظ حذقیل خلیفہ ، صباحی پیرزادے نے تلاوت قرآن کی تو عمر رکن الدین اور ساتھیوں نے حمداور نعت پیش کی ۔ دستور ترمیمی کمیٹی کے کنونیر آفتاب حسین کولا اور گیٹ ٹوگیدر کے کنونیر فہد شاہ بندری نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔مولانا داؤد خلیفہ ندوی نے دستور میں کی ترمیمات کی خواندگی کی۔ جماعت کے جنرل سکریٹری امتیاز احمد دامدا اور انٹرنل آڈیٹر طلحہ اکرمی نے سالانہ رپورٹ اور حساب کتاب کو پیش کیا۔ تعلیمی ایوارڈ اور پکوان مقابلہ کی نظامت مفاز کھروری اور نوفل دامودی نے سنبھالی۔ مولانا سالم خلیفہ ندوی نے شکریہ کلمات ادا کئے، مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔