مینگلور11جنوری (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب بنٹوال تعلقہ کے کولناڈو گرام میں باغ کے اندر بچوں کےساتھ کھیلتے وقت وہاں پر موجود تالاب میں حادثاتی طور پر گرنے سے ایک 4سالہ بچی کی موت واقع ہوگئی ۔
فوت ہونے والی بچی کا نام شرف النساء بتایاجاتا ہے جو کہ حمزہ نامی شخص کی بیٹی تھی۔بتا یا جاتا ہے کہ بچی شرف النساء اپنے بھائی رشید اور بدرالدین کے ساتھ پڑوس کے باغ میں کھیلنے گئی ہوئی تھی۔اس دوران بچی کا پیر پھسلنے سے وہ باغ کے درمیان میں ہی واقع تالاب میں گرگئی۔گھر والوں کو جب یہ بات معلوم ہوئی تو وہ باغ کی طرف دوڑ پڑے اور بچی کو پانی سے نکال کر ایمبولینس میں پرائمری ہیلتھ سینٹر لے گئے۔مگر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اس کی موت واقع ہونےکی تصدیق کردی۔اس تعلق سے وٹلا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔