مینگلور 22/ مارچ (ایس او نیوز) قریبی علاقہ سولیا کے سمپاجے میں واقع امبریش بھٹ کے گھر میں رات کے وقت گھسنے والے لٹیرے ساس اور بہو کو تلوار سے دھمکاتے ہوئے 1.5 لاکھ روپے نقد اور 100 گرام وزنی زیورات اڑا لےجانے میں کامیاب ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ جس وقت یہ واردات پیش آئی تب امبریش اور ان کا بیٹا گھر سے گئے ہوئے باہر تھے ۔ اس وقت 6 لٹیروں کی ایک ٹولی گھر میں داخل ہوئی ۔ انہوں نے تلوار سے دکھا کر پہلے امبریش کی بہو سے اس کا منگل سوتر چھینا پھر الماری کی چابی حاصل کرکے وہاں رکھے ہوئے زیورات اور نقدی پر ہاتھ صاف کیا ۔ پھر موقع پر سے فرار ہوگئے۔
واردات انجام دینے سے قبل لٹیروں نے موبائل فون سوئچ آف کروایا اور لینڈ فون زمین پر پٹخ کر توڑ پھوڑ دیا ۔ پھر گھر میں موجود لوگوں سے کہا کہ ہم تمہاری جان کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے ، لیکن تمہارے پاس موجود سونا اور رقم ہمارے حوالے کرنا ہوگا ۔ گھر والوں کے بموجب یہ لٹیرے تمل زبان میں بات چیت کر رہے تھے۔
ڈکیتی کی خبر ملنے پر پتور ڈی وائی ایس پی گانا پی کمار، سرکل پولیس انسپکٹر نوین چندرا جوگی ، سب انسپکٹر دلیپ کمار کے علاوہ ڈاگ اسکواڈ عملہ کے افسران نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ کیس درج کرلینے کے بعد تحقیقات شروع کی گئی ہے۔