مینگلور25؍مارچ (ایس او نیوز) ضلع دکشن کنڑا کے پتور میں پولیس کی ایک ٹیم نے گھروں، دکانوں اور مندروں میں وارداتیں انجام دینے والے 2 بین الریاستی چوروں کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت محمد اشرف عرف تاری گڈے اشرف عرف منصور عرف کلّا اشرف اور کے محمد سلام کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمین نے مبینہ طور پرکرناٹکا اور کیرالہ میں واقع مختلف مندروں، دکانوں اور گھروں میں چوری کی وارداتیں انجام دینے کی بات قبول کی ہے جس میں بھٹکل کا ایک گھر بھی شامل ہے۔
ملزمین کے قبضے سے سونے اور چاندی کے زیورات کے علاوہ لیپ ٹاپ ، سی سی کیمرہ ڈی وی آر اور چوری کے لئے استعمال ہونے والی موٹر بائک ضبط کی گئی ہے جس کی مجموعی مالیت کا اندازہ 6.5 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے خلاف اپن انگڈی، سولیا ، پتور، بیلارے ، بنٹوال ، دھرمستھلا ، وٹل ، ملپورم کونڈیٹی، آڈور، سوموار پیٹ پولیس اسٹیشنوں میں چوری کے مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ اور مختلف پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں ان کے خلاف گرفتاری وارنٹس جاری ہوچکے ہیں۔