برلن 8اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )گزشتہ روز میونسٹر میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر عام افراد پر وین چڑھا دینے والے مشتبہ حملہ آور سے متعلق بتایا گیا ہیکہ وہ ذہنی مسائل کا شکار ایک ’تنہا جرمن‘ تھا۔ اتوار کے روز علاقائی وزیرداخلہ نے حملہ آور سے متعلق گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہت سے اشارے ملے ہیں کہ یہ مشتبہ حملہ آور ذہنی مسائل سے دوچار تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انتہائی محتاط انداز سے تفتیش کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کی سہ پہر اس حملہ آور نے ایک وین شمال مغربی جرمن شہر میونسٹر کے ایک سیاحتی مقام میں لوگوں کے ہجوم پر چڑھا دی تھی۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک جب کہ بیس زخمی ہو گئے تھے۔ بعد میں اس حملہ آور نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔