ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میکے ڈاٹ پراجکٹ کو مرکزی حکومت کی ابتدائی منظوری

میکے ڈاٹ پراجکٹ کو مرکزی حکومت کی ابتدائی منظوری

Wed, 28 Nov 2018 10:58:25    S.O. News Service

بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے شہر بنگلور اور آس پاس کے علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے دریائے کاویری پر میکے ڈاٹ منصوبہ تعمیر کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے ابتدائی منظوری مل چکی ہے۔ مرکزی وزارت آبی وسائل نے حکومت کرناٹک کو ہدایت دی ہے کہ اس سلسلے میں پراجکٹ کی تفصیلات مرکزی وزارت آبی وسائل کو روانہ کی جائیں۔ حالانکہ حکومت تملناڈو کی طرف سے اس منصوبے کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ تملناڈو کے وزیراعلیٰ پلانی سوامی نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کرکے مانگ کی تھی کہ کرناٹک کو میکے ڈاٹ منصوبے کی اجازت نہ دی جائے۔ ریاستی حکومت کا منصوبہ ہے کہ میکے ڈاٹ پراجکٹ کے ذریعے کاویر ی میں ضائع ہونے والے 30تا 35ٹی ایم سی فیٹ پانی کو استعمال میں لایا جائے ۔ یہ پانی پینے کے ساتھ بجلی کی پیداوار کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا۔خاص طور پر موسم گرما میں بنگلور اور آس پاس کے اضلاع میں پانی کی شدید قلت کا جو مسئلہ پیدا ہورہا ہے میکے ڈاٹ آبی ذخیرے میں جمع ہونے والے پانی کا استعمال موسم گرما کے دوران ان اضلاع میں آبی رسانی کے لئے کیا جائے گا۔حکومت کا یہ استدلال ہے کہ میکے ڈاٹ منصوبے کی تعمیر سے تملناڈو کے حصے میں کاویری کا جو پانی آتا ہے، اس میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ تملناڈو 177 ٹی ایم سی فیٹ پانی سمندر میں ضائع کرتاہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے اس پراجکٹ کی شروعات کے لئے کرناٹک کوملنے والی ابتدائی منظوری کو ایک بڑی کامیابی سمجھا جارہا ہے۔ 
 


Share: