ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / نازیہ الٰہی خان بنگال کے مسلمانوں کی خوش بختی کی علامت :ایم پی ادریس علی

نازیہ الٰہی خان بنگال کے مسلمانوں کی خوش بختی کی علامت :ایم پی ادریس علی

Sun, 03 Jul 2016 22:38:57    S.O. News Service

فورم کی جانب سے بیوگان میں سلائی مشین اور غربا و مساکین میں کپڑوں کی تقسیم کا جلسہ
کولکاتا ،3؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )فورم فارآرٹی آئی ایکٹ اینڈ انٹی کرپشن کی جانب سے کل 2جولائی کی شام کو پارک سرکس علاقہ میں بیوہ عورتوں کوروزگارسے جوڑنے کیلئے سلائی مشین دی گئی اور عید کے موقع پر سیکڑوں غربا اور مساکین میں کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر منعقد ہونے والے جلسہ میں مہمان خصوصی کے طور لوک سبھا کے ایم پی ادریس علی ایڈوکیٹ موجود تھے ۔ ایڈوکیٹ ادریس علی نے فورم کی سربراہ ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان کے سماجی کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی بالخصوص مغربی بنگال کے مسلمانوں کی یہ خوش قسمتی ہے کہ یہاں نازیہ الہیٰ خان جیسی ان کی بیٹی موجود ہے ‘ جس نے قوم و ملت کی فلاح و بہبود سماجی کاموں کافروغ ‘ مسلمانوں کے اندر سے جہالت اور ناخواندگی ‘ غربت اور افلاس کا خاتمہ کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے اوراس کیلئے بغیر کسی مفاد کے مسلسل تحریک چلارہی ہیں قوم و ملت کے کاز کیلئے خود کو وقف کئے ہوئے ہے ۔ ان کی جانب سے کئے جانے والے سماجی کام مغربی بنگال کے مسلمانوں کی معاشرتی اور سماجی زندگی کاایک روشن پہلو ہے ان کی خواہش اوردعاء ہے کہ ہر گھر میں نازیہ جیسی بیٹی پیدا ہو ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود اورا ن کی ترقیات کاصرف بلند بانگ دعویٰ ہی کافی نہیں ہے بلکہ اگر حکومت ان کیلئے کچھ کرناچاہتی ہے تو ان کیلئے روزگار خیز اسکیمیں وضع کرے انہیں باعزت روزگار سے جوڑے ‘ انہیں تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کرے سستااناج‘فوڈپیکٹ کا بھیک دے کر ان کے اوپر احسان نہ کرے ۔انہوں نے مسلمانوں سے بھی گزارش کی وہ اگر معاشرہ میں باعزت مقام پانا چاہتے ہیں تو خود کو تعلیم سے جوڑیں علم حاصل کریں جو تمام کامیابیوں کی کنجی ہے ۔


Share: