نئی دہلی، 13 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی سے ناطہ توڑکر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کا دامن تھامتے ہی نریش اگروال پر تنقید کی بارش ہو گئی ہے۔ متنازعہ بیانات کے لئے نشان راہ رہنے والے نریش اگروال نے پیر کو بھگوا پارٹی کے ساتھ نئی اننگز کا آغاز کرتے ہی ایک اور ایسا بیان دے ڈالا، جس نے انہیں معافی مانگنے پر مجبور کر دیا ہے۔سپر اسٹار امیتابھ بچن کی بیوی اور ایس پی سے سماجوادی پارٹی لیڈر جیا بچن کو لے کر نریش اگروال نے جو تبصرہ کیا، اسے بی جے پی کی خاتون رہنماؤں سمیت پارٹی ترجمانوں نے غلط ٹھہراتے ہوئے بیان سے کنارہ کر لیا لیکن تنازعہ یہیں نہیں رکا، جب اپوزیشن نے اسے مسئلہ بنانا شروع کیا تو نہ صرف نریش اگروال بیک فٹ پر آئے بلکہ بی جے پی کو بھی غور کرنا پڑا۔پہلے منگل کی صبح نریش اگروال نے خود اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کیا، جس کے بعد اب خبر آ رہی ہے کہ بی جے پی کی جانب سے نریش اگروال کو نصیحت دی گئی ہے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق نریش اگروال کو پارٹی لائن کاخیال رکھتے ہوئے بے وجہ کی بیان بازی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔