ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / نیترانی جزیرے پر اسکوبا ڈائیونگ کے خلاف مرڈیشور میں ماہی گیروں کا احتجاج

نیترانی جزیرے پر اسکوبا ڈائیونگ کے خلاف مرڈیشور میں ماہی گیروں کا احتجاج

Sun, 12 Feb 2017 20:11:00    S.O. News Service

بھٹکل:12/فروری    (ایس او نیوز)نیترانی جزیرے کے اطراف میں اسکوبا ڈاؤینگ کے لئے ضلعی انتطامیہ کی جانب سے منطوری دئیے جانے کے خلاف مرڈیشور علاقہ کے سیکڑوں ماہی گیروں نے اتوار کو سمندر کنارے ڈاؤینگ اسکوبا ٹیم کو لے جانے والی کشتی کو روک کر سخت احتجاج کیا۔ اس موقع پر کچھ دیر کے لئے حالات اُس وقت کشیدہ ہوگئے جب احتجاجیوں نے پولس کے ساتھ زبردست تکرار شروع کردی اور اسکوبا ڈائیونگ کرنے کے لئے  جانے والی کشتی کو پیچھے کھینچنے کی کوشش کی۔ مگر بعد میں رکن اسمبلی کی آمد کے بعد معاملہ پر قابو پالیا گیا۔

احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ نیترانی جزیرہ حیاتی تنوع کے لئے مشہور و معروف ہے۔ جزیرے کےاطراف خصوصی نسل کی مچھلیاں ، موتی ، مرجان کی کثرت ہے، ایسے میں جزیرے کے نواح میں اسکوبا ڈاؤینگ کی مشق کرنے سے مچھلیوں کی نسل پر سنگین اثرات ہونگے ، اسی طرح فطری انداز میں جو مچھلیاں شکار کرتے ہیں اس طرح کے ماہی گیروں کی زندگی بھی دشوار ہوجائے گی۔ احتجاجیوں کے مطابق اسکوبا ڈاؤینگ کے متعلق جو منظوری دی گئی ہے اس سلسلے میں افسرا ن بھی  الگ الگ بیانات دے کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی حال میں اسکوبا ڈاؤینگ کو موقع نہیں دیں گے۔

اسکوبا ڈائیونگ کرنے والی ٹیم کو لے جانے والی کشتی کے مالک نے جب احتجاجیوں سے کہاکہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی اجازت سے ہی اسکوبا ڈاؤینگ ٹیم کو وہ جارہے ہیں تو احتجاجی  مزید مشتعل ہو گئے اورکشتی کو کنارے کھیچنے کے لئے آگے بڑھے، جس کے نتیجےمیں کچھ دیر کے لئے ماحول کشیدہ ہوگیا۔ معاملہ کی اطلاع پاتے ہی سی پی آئی سریش نایک کی قیادت میں پولس عملہ موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں کو منتشر کیا، اس دوران پولس اور احتجاجیوں کے درمیان کافی بحث اور تکرار ہوئی ۔ احتجاجیوں کو پیچھے کرنے کے لئے جب پولس  ہلکی لاٹھی چارج کے لئے آگے بڑھی تو  احتجاجیوں میں زیادہ تر خواتین ہونےسے پولس کو پیچیدگی کا مسئلہ پیدا ہوگیا جس سے وہ پیچھے ہٹ گئے۔ احتجاج دوسرا رخ اختیار کرتے دیکھ کر رکن اسمبلی منکال وئیدیا ، ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا جائے وقوع پرپہنچے اور احتجاجیوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کی جس میں وہ کامیاب ہوئے۔

 اس موقع پر ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے بتایا کہ ماہی گیروں کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کو موقع نہیں دیا جائے گا۔ اسکوبا ڈاؤنگ اور اجازت نامہ کے متعلق افسران سے مکمل جانکاری لینےکے بعد ضروری اقدامات کرنےکی رکن اسمبلی نے یقین دھانی کرائی۔ حالات معمول پر لوٹتے ہی کشتی اسکوبا ڈاؤینگ ٹیم کو لے کر نیترانی جزیرے کی طرف روانہ ہوگئی ۔


Share: