کٹھمنڈو20 اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)نیپال میں ملائیشیا کی ایک ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ ہوائی اڈے کے رن وے سے اتر گیا تاہم اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ کھٹمنڈو ایئر پورٹ پر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد بین الاقوامی مسافر پروازیں بحال ہو چکی ہیں۔جنوبی ایشیا میں ہمالیہ کی ریاست نیپال کے دارالحکومت سے جمعہ بیس اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ملائیشیا کی ایک فضائی کمپنی مالِنڈو ایئر کے ایک مسافر طیارے کو جمعرات انیس اپریل کو رات گئے پیش آیا۔یہ طیارہ کھٹمنڈو سے اپنی پرواز شروع کرنے کے لیے رن وے پر ٹیکسی کر رہا تھا کہ پھسل کر رن وے سے اتر گیا اور کم از کم بھی 100 فٹ دور چلا گیا۔ طیارے میں اس وقت مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 139 افراد سوار تھے لیکن خوش قسمی سے ان میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔کھٹمنڈو کے تری بھوون انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ایک ترجمان نے آج بتایا کہ یہ مسافر پرواز ملائیشیا کے دارالحکومت کوآلالمپور کے لیے ٹیک آف کرنے والی تھی کہ طیارہ رن وے سے پھسل گیا، جس کے بعد نہ صرف یہ فلائٹ معطل کر دی گئی بلکہ ساتھ ہی اس ایئر پورٹ کو بھی عبوری طور پر تمام پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ایئر پورٹ انتظامیہ کے ترجمان پریم ناتھ ٹھاکر نے بتایا کہ ملکی دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اس طیارے کے رن وے کے قریبی علاقے سے ہٹائے جانے کے بعد معمول کی مسافر پروازوں کے سلسلہ آج جمعے کی صبح سے بحال ہو چکا ہے۔نیپال کے اسی ہوائی اڈے پر گزشتہ ماہ کے وسط میں ایک امریکی بنگلہ دیشی فضائی کمپنی کا ایک مسافر طیارہ لینڈ کرتے ہوئے کریش بھی ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس کے علاوہ ٹرکش ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ بھی تین سال قبل کھٹمنڈو کے اسی ہوائی اڈے پر رن وے سے پھسل کر اتر گیا تھا۔ اس مسافر پرواز میں 224 افراد سوار تھے اور اس واقعے کی وجہ سے نیپال کا یہ مقابلتا? سب سے بڑا ایئر پورٹ چار روز تک بند رہا تھا۔