بیروت،21اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنان میں آج بروز پیر لبنانی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ا۔ اجلاس میں وزیراعظم سعد حریری کی جانب سے اعلان کردہ اقتصادی اصلاحات کو زیر بحث لایا گیا جو انہوں نے ملک کو درپیش حالیہ غیر معمولی بحران سے نکلنے کی کوشش کے سلسلے میں پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ حریری کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے لیے اپنے حکومتی اتحادیوں کو متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے دی گئی 72 گھنٹوں کی مہلت آج اختتام پذیر ہو رہی ہے۔لبنان کی ’نیشنل نیوز ایجنسی‘کے مطابق مظاہرین نے آج ملک گیر عام ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کو بند رکھا جائے اور کھلے مقامات پر بڑی تعداد میں اکٹھا ہوا جائے۔ادھر ملک میں ٹریڈ یونینوں نے اپنی ہڑتال میں آج پیر کی شام تک توسیع کر دی ہے۔ اس دوران تمام بینک، اسکول اور جامعات بند ہیں۔