نئی دہلی، 23 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کشمیر کو لے کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دعوے کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکرنے کہاہے کہ وزیر اعظم نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی ہے اور پاکستان کے ساتھ تمام زیر التواء مسائل کو حل دو طرفہ طریقے سے ہی کیاجائے گا۔کشمیر کو لے کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دعوے پر راجیہ سبھا میں اپنی طرف سے دیے گئے ایک بیان میں وزیر خارجہ ایس جے شنکرنے کہاہے کہ ہم ایوان کو مکمل طور پر اعتماد دلانا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی ہے۔وزیر خارجہ نے یہ بھی کہاکہ ہم اپنا رخ دوبارہ واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تمام زیرالتواء مسائل کا حل دوطرفہ طریقے سے ہی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ کوئی بھی بات چیت سرحد پار سے جاری دہشت گردی بند ہونے کے بعد، لاہور منشور اور شملہ معاہدے کے تحت ہی ہوگی۔وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد کانگریس سمیت اپوزیشن ارکان نے وزیر اعظم سے اس موضوع پر صورتحال واضح کرنے کامطالبہ کیاہے۔