نئی دہلی، 22؍دسمبر (ایس او نیوز؍ یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے آج تمام سیاسی جماعتوں سے ایوان کی کارروائی بہترڈھنگ سے چلانے میں تعاون کی اپیل کی۔مسٹر نائیڈو نے صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد گزشتہ ایک ہفتہ سے ایوان کی کارروائی چلانے میں حکمران پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان تعطل کا حوالہ دیتے ہوئے ، کہا کہ تمام پارٹی کے ارکان قوانین کے تحت مسائل کو اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے نہ ہی وقفہ سوال ہوا اور نہ ہی وقفہ صفر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رافیل طیارہ سودے ، کسانوں کے مسائل ، مہنگائی، جنوبی ریاستوں میں گردابی طوفان اور کاویری کے موضوع پر بحث کرایا جانا ہے ۔ ارکان نے ان معاملات کے بارے میں نوٹس دیا ہے جسے منظوری دی گئی ہے اور حکومت بھی ان مسائل پر بحث کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے حکمراں پارٹی کے رہنماارون جیٹلی کو اپوزیشن کے لیڈروں سے بات چیت کرکے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مشورہ دیا۔