بنگلورو،19؍فروری(ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے شہر بنگلورو کے لئے مجوزہ پارکنگ پالیسی کے نفاذ کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ یہ بات نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر اشوتھ نارائین نے بتائی۔
گورنمنٹ آرٹس کالج میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران انہوں نے بتایا کہ بھاری پارکنگ فیس کی وصولی کے مقصد سے ترتیب دی گئی اس پالیسی کو شہر بنگلورو میں نافذ کرنے کے بارے میں حکومت نے قطعی فیصلہ نہیں لیاہے اس لئے عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں صرف ماہرین کی کمیٹی نے حکومت کو اپنی سفارشات پیش کی ہیں ا ب تک حکومت نے ان کو منظور نہیں کیا۔ اس پر سرکاری حلقوں میں بحث بھی نہیں ہو ئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر ہی اس پالیسی کے مختلف پہلؤوں کا جائزہ لیا جاے گا۔وکلیگا فرقہ کی طرف سے ریزرویشن کی حد میں اضافہ کی مانگ پر انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ کی طرف سے ریزرویشن میں اضافہ کی مانگ اس کے نظریے سے درست ہے لیکن ریزرویشن کی تقسیم ذاتوں میں سائنٹفک بنیاد پر ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کے علم میں آئی ہے کہ وکلیگا فرقے کے سربراہ کی طرف سے ریزرویشن میں اضافے کی مانگ رکھی گئی ہے اس کے علاوہ انہوں نے وکلیگا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ہر طبقے سے ہونے والی مانگ کا جائزہ لیا جائے گا۔تمام طبقات کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد حکومت ان کی مانگوں پر مناسب فیصلہ کرے گی۔سرکاری کالجوں میں پرنسپلوں کی اسامیوں کو جلد پر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر اشوتھ نارائین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے اس ضمن میں بجٹ کی جائزہ میٹنگ کے دوران گزار ش کی گئی ہے۔ اس موقع پر شیواجی نگرکے رکن اسمبلی رضوان ارشد اور دیگر افسران موجود تھے۔