بھٹکل 21/دسمبر (ایس او نیوز) پاکستان سے رابطہ رکھتے ہوئے وہاں کی خفیہ ایجنسی کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں ہندوستانی بحریہ سے تعلق رکھنے والے 6 اہلکاراور ایک حوالہ کاروباری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمین میں کاروار میں واقع بحری اڈے کدمبا کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔
آندھرا پردیش پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دامودر گوتم ساوانگ نے بتایا کہ آندھرا پردیش خفیہ نیول پولیس اور مرکز ی خفیہ ایجنسی نے مشترکہ طور پر ”آپریشن ڈولفن نوس“ چلایا جس سے ملک کے کچھ حصوں میں واقع بحریہ کے اڈوں پر بیک وقت چھاپہ ماری کی گئی۔اورملزمین کو گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت اور ان کے ذریعے کی گئی جاسوسی کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ لیکن بعض ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق کدمبا بحری اڈے سے جو2 اہلکار گرفتار ہوئے ہیں ان کا تعلق راجستھان اور اوڈیشہ سے ہے۔وشاکھا پٹنم سے ۳اورممبئی سے ایک انڈر ورلڈ سے تعلق رکھنے والے حوالہ کاروباری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آندھرا میں ممبئی کے ایک حوالہ کاورباری کی گرفتاری کے بعد تفتیش کے دوران اس کے پاس سے کاروار بحری اڈے کدمبا سے متعلق بہت ساری دستاویزات اور نقشے برآمد ہوئے جس سے یہ بھید کھلا کہ نیوی اہلکاروں سے جاسوسی کروائی جارہی ہے۔منصوبے کے مطابق نیوی کے اہلکاروں کو گوا کے ایک مشہور ہوٹل میں ہنی ٹریپ میں پھنساکر ان سے پاکستانی خفیہ ایجنسی جاسوسی کرواتی تھی اور اس کے بدلے میں موٹی رقم بھی ادا کرتی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ گرفتار افراد کے پاس سے غیر ملکی بینک اکاؤنٹ کے معاملات اور حوالہ کاروباری سے روابط کے ثبوت ملے ہیں۔ اس کے علاوہ شبہ ہے کہ جاسوسی کے اس جال میں محض اہلکار ہی نہیں بلکہ اہم عہدے پر فائز افسران بھی شامل ہیں۔ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے اور ملک کے مختلف مقامات سے مزید کچھ گرفتاریوں کی توقع کی جارہی ہے۔