پتوریکم؍جنوری (ایس او نیوز) ایک نوجوان شادی شدہ خاتون نے اپنے شوہر کے گھر پر زہر کھاکر خودکشی کرلی جس کی شناخت دیویا پجاری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نوجوان لڑکی نے اپن انگڈی میں ہیرے بنڈاڈی کےرہنے والے ایک شخص سے عشق میں مبتلا ہوکر ایک سال قبل ہی شادی رچائی تھی۔
ذرائع کے مطابق دیویا اپنے مائیکے میں تھی اور 31دسمبر کو اپنے شوہر کے گھر چلی گئی تھی۔ مبینہ طور پر یکم جنوری کی صبح اس نے شوہر کے گھر میں ہی زہر کھالیااور اس کے بعد اپنی سسرال والوں کو یہ بات بتائی۔اسے فوری طور پر پتور کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا مگر علاج کارگر نہ ہونے سے دوپہر کو اس نے دم توڑ دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ دیویا پتور میں ایک کپڑوں کی دکان میں ملازمت کیا کرتی تھی۔خودکشی کی وجوہات کے بارے میں کوئی بھی بات معلوم نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے کیس درج کرلیاہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔