سالم،28؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کے روز تمل ناڈو کے وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر آر ایس) کے ذریعہ کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے یہ الزام یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر ترقی پسند اتحاد کے تمام رہنماوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آل انڈیا انا دراوڑا کژگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) پارٹی پہلے جیسے نہیں رہی، وہ ختم ہوچکی ہے اور موجودہ اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹی ماسک کے پیچھے ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ کورونا کی وبا اور اس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ماسک پہننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ہر جگہ ماسک دیکھتے ہیں۔ یہ پہچاننا مشکل ہے کہ ماسک کے پیچھے کیا اور کون ہے۔ انہوں نے مزید کہا ’’اگر آپ ماسک پہن کر مسکراتے ہیں تو لوگوں کو پتہ نہیں چلتا کہ آپ مسکرا رہے ہیں۔ اے آئی اے ڈی ایم کے کی حالت بھی ایسی ہی ہے۔ اگر آپ نقاب ہٹاتے ہیں تو آپ دیکھیں گے کہ یہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہے، اے آئی اے ڈی ایم کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی اے آئی اے ڈی ایم کے ختم ہوگئی ہے۔