نئی دہلی، 9؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کسانوں کی تحریک کی حمایت میں آج کانگریس نے پارلیمنٹ میں ایک اور بڑا قدم اٹھایا۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے 8 ممبران پارلیمنٹ نے آج تینوں زرعی قوانین کو مسترد کرنے سے متعلق لوک سبھا سیکریٹریٹ کو نجی ممبر بل دیا۔ اس کا اعلان پارٹی کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے پنجاب کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔منیش تیواری نے کہا کہ کسانوں کی حمایت میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے تمام 8 ممبران اسمبلی نے بھی انفرادی طور پر اپنا اپنا بل پیش کردیاہے اور مشترکہ طور پر بل کو لوک سبھا سیکریٹریٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ منیش تیواری نے کہا کہ وہ شرومنی اکالی دل سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور لیڈران سے بھی ان بلوں کی حمایت کرنے کی درخواست کریں گے۔
پنجاب کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ راجیہ سبھا میں اپنے ساتھیوں سے بھی ایسا ہی کرنے کی اپیل کریں گے۔ساتھ ہی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ روانت سنگھ بٹھو نے مطالبہ کیا کہ 203 لوک سبھا اور 44 راجیہ سبھا اراکین پارلیمنٹ، جنہوں نے خود کھیتی باڑی کی ہے یا جوخود کو کسان کہتے ہیں، ان نجی ممبر بلوں کی حمایت کریں۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں 7 ممبران پارلیمنٹ سمیت تیواری، پرینت کور اور روونیت سنگھ بٹھو بھی شامل تھے۔ان ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ تمام ممبران پارلیمنٹ لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کریں گے اور ان کوہائوس میں پیش کرنے اور ان پر گفتگو کرنے کی اجازت طلب کریں گے۔