نئی دہلی،3؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کورونا وبا کے درمیان ملک کو پہلی دیسی کورونا ویکسین ملی ہے۔ ہفتہ کی شام ماہرین کمیٹی کی میٹنگ میں بھارت بائیوٹیک کی ویکسین کومنظورکرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت بائیوٹیک کی ویکسین کو ہنگامی استعمال کے لیے منظورکیاگیاہے۔ اس کا اعلان جلد سرکاری طور پر کیا جاسکتا ہے۔ اس سے پہلے کووی شیلڈ کو منظور کرلیا گیا تھا۔
وزارت صحت کی ایس ای سی (سبجیکٹ ایکسپرٹ کمیٹی) نے ملک میں کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت کے لیے میٹنگ کی ہے۔اس اجلاس میں سیرم انسٹی ٹیوٹ کی منظوری کو حتمی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ بھارت بائیوٹیک کی ویکسین کی منظوری پربھی تبادلہ خیال ہوا۔ایس ای سی ویکسین کے استعمال کی بنیادی منظوری دیتی ہے۔ آج کی میٹنگ میں کوویشیلڈ ویکسین کے دیگرپہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیاہے۔
2021 کے پہلے دن ماہرین کی کمیٹی نے سیرم انسٹی ٹیوٹ کے تیار کردہ کوویشیلڈ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ، جس کے بعد اسے ڈی جی سی آئی یعنی ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا کے ذریعہ حتمی منظوری ملنی تھی۔