بنگلورو،10؍ستمبر(ایس اونیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے مرکزی حکومت کی طرف سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد کا یہ بیان احمقانہ ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا اختیار مرکزی حکومت کو نہیں ہے۔
دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ملک کی تمام تیل کمپنیاں مرکزی حکومت کے ماتحت چلتی ہیں۔ ان کمپنیوں کو مرکزی حکومت اگر چاہے تو مناسب ہدایت دے سکتی ہے، ایسا کرنے کی بجائے مرکزی وزیر قانون کا بیان اس بات کا عکاس ہے کہ مودی حکومت اپنے ذمہ داریوں سے دامن بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت اس بات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ریاستی حکومت کی طرف سے جو سیس لگایا جاتاہے اس میں کچھ کمی لائی جائے تاکہ ریاستی حکومت عوام کو کچھ حد تک راحت فراہم کرسکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بنگلور لوٹنے کے بعد فوری طور پر وہ اعلیٰ افسروں کی میٹنگ طلب کریں گے اور پیٹرول اور ڈیزل پر ریاستی حکومت کے سیس میں کمی کے سلسلے میں فیصلہ اس میٹنگ میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابل پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل پر لگایا جانے والا سیس بہت کم ہے، لیکن عوام پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافوں کے سبب پڑنے والے بوجھ کو دیکھتے ہوئے حکومت اس بات پر سنجیدہ ہے کہ سیس میں کچھ حد تک کمی کی جائے۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کی طرف سے پیٹرول اور ڈیزل پر ریاستی حکومت کے ویاٹ میں دو روپیوں کی کمی لانے کے اعلان کے بعد کمار سوامی نے یہ پہل کی ہے۔