ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پیگاسس تنازعہ: جانچ کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ کا مرکز اور بنگال حکومت کو نوٹس

پیگاسس تنازعہ: جانچ کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ کا مرکز اور بنگال حکومت کو نوٹس

Thu, 19 Aug 2021 00:02:24    S.O. News Service

نئی دہلی،18؍اگست (آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے پیگاسس جاسوسی تنازعہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر مرکز اور مغربی بنگال حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے ۔ چیف جسٹس (سی جے آئی) این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس انیرودھ بوس کی تین رکنی بنچ نے درخواست پر مرکز اور مغربی بنگال حکومت کو نوٹس جاری کیے ہیں اور معاملے کو 25 اگست کو سماعت کے لیے درج کیا ہے۔بنچ نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل سوربھ مشرا نے بنچ کو بتایا کہ انہوں نے انکوائری کمیشن کی تشکیل کے لیے ریاستی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو اس کے دائرہ اختیار کی بنیاد پر چیلنج کیا ہے۔

بنچ نے کہا کہ ہم نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال حکومت نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مدن بی لوکور اور کلکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جیوتی موریہ بھٹاچاریہ کو انکوائری کمیشن کا رکن مقرر کیا ہے۔ اس کمیشن کی تشکیل کا اعلان گزشتہ ماہ ریاستی حکومت نے کیا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے ایک ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ہندوستان سے 300 سے زیادہ فون نمبر اس فہرست میں شامل کیے گئے تھے جو پیگاسس اسپائی ویئر کا استعمال کرتے ہوئے ممکنہ نگرانی کے لیے رکھا گیا تھا۔


Share: