نئی دہلی،4؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کورونا وبا کے دوران برڈ فلو بھی آگیا ہے۔ راجستھان ، مدھیہ پردیش میں دستک کے بعد جھارکھنڈ ،ہماچل پردیش میں اس وائرس کی وجہ سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
برڈ فلو کے نام سے معروف یہ بیماری ایوین انفلوئنزا وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے ، جس کی زد میں آنے سے پرندے تو ہلاک ہوتے ہیں نیز یہ انسانوں کے لئے بھی بہت خطرناک ہے۔ اس سے جان کا خطرہ بھی ہے۔ برڈ فلو کے قہرکو دیکھ کر مرکز سمیت ریاستی حکومتوں نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔
راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں افسران کے بھی ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔ اب تک ریاست میں 245 کوئوں کی موت ہوچکی ہے ، جس میں جھالاوڑ میں 100 ، کوٹہ میں 47 ، باراں میں 72 ، پالی میں 19 اور جے پور کے جل محل میں 10 شامل ہیں۔ کوئوں کی موت کی وجہ سے حرکت میں آنے والی محکمہ جانوروں سے متعلق کوٹہ ڈویڑن کی ٹیم تحقیقات کے لئے جھالاواڑ پہنچی۔ تفتیشی ٹیم نے وہاں پہنچنے کے بعد پورے علاقے کو سینیٹائز بھی کرایا۔ اس کے ساتھ ہی تمام مردہ کوئوں کو پروٹوکول کے مطابق کڈھے کھود کر جلوایا ، تاکہ اس علاقے میں انفیکشن کا خطرہ پیدانہ ہو۔