نئی دہلی27ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی نے پٹنہ ہوائی اڈے پر نئی گھریلو ٹرمنل عمارت اور دیگر متعلقہ ڈھانچوں کی تعمیرکو منظوری دے دی ہے، جس پر 1216کروڑروپے لاگت آئے گی۔نئی ٹرمنل عمارت کی تعمیر کے بعد ہوائی اڈے کی مسافروں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور یہ اضافہ موجودہ 0.7 ملین پسنجرز پر اینم(ایم پی پی اے) سے بڑھ کر4.5 ایم پی پی اے ہوجائے گا۔نئی ٹرمنل عمارت کا رقبہ 65.155 مربع میٹر ہوگا۔ نیز 18650 مربع میٹر کا بیس منٹ ہوگا اور یہ مسافروں کے لیے عالمی نوعیت کی سہولیات سے لیس ہوگا۔نئی ٹرمنل عمارت کی تعمیر کے ساتھ ہی پٹنہ خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جس سے روزگارکے اضافی مواقع پیدا ہوں گے۔ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے بہارکے عوام کی امنگیں بھی پوری ہو سکیں گی۔یہ پروجیکٹ بہارکے لیے اس پیکیج کا ایک حصہ ہے جس کا اعلان وزیر اعظم نے کیاتھا۔پٹنہ ہوائی اڈہ مشرقی خطے میں ایک سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے۔ ہوائی اڈے کی موجودہ ٹرمنل عمارت ایک ڈبل اسٹوری ڈھانچہ ہے اور اپنی صلاحیت سے چار گنا زیادہ کام کررہا ہے۔ حکومت نے بہار سرکار اور وہاں کی عوام کی طرف سے ہوائی اڈے کے موجودہ ڈھانچے کو وسعت دینے اور اس کی جدید کاری کے لئے بہت سی درخواستیں حاصل کی ہیں۔پٹنہ ہوائی اڈے پر نئی گھریلو ٹرمنل عمارت اور دیگر متعلقہ ڈھانچے کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہیں، کیونکہ ہوائی اڈے پر گزشتہ کچھ برسوں میں ٹریفک کا زبرداست اضافہ ہوا ہے۔