کاروار:25/ستمبر (ایس اؤنیوز)ریاستی حکومت کے تعاون سے اترکنڑا ضلع انتظامیہ کےزیر اہتمام گذشتہ نومبر میں منعقد روزگار میلہ میں شریک ہوئی ایک کمپنی نے روزگار امیدواروں سے دھوکہ دہی کئے جانے کا پتہ چلاہے۔
وشال بھومی نامی ایک نوجوان نے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو شکایت سونپتے ہوئے کہا ہے کہ بیلگام سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی نے اُنہیں روزگار دینے کا وعدہ کرتے ہوئے رقم لےکر دھوکہ دیاہے۔ شکایت کے تعلق سے ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے ایس پی سے واقعے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خیال رہے کہ اترکنڑا ضلع انتظامیہ کی طرف سے شہر کے میڈیکل کالج میں 12اور 13نومبر کو دو روزہ روزگار میلہ منعقد کیا گیا تھا جس میں ریاست اور بیرونی ریاستوں کی 100سے زائد کمپنیاں شریک ہوئی تھیں۔ میلہ میں ریاست کے مختلف مقامات سے روزگار کی تلاش میں سرگرداں ہزاروں نوجوانوں نے شریک ہوکر انٹرویو دئیے تھے اس دوران کچھ کمپنیوں نے نوجوانوں کو پہلے تربیت دے کر تقرر کئے جانے کی بات کہی تھی۔
بیلگام کی میرڈین اکیڈمی آف کمرشیل شپنگ اینڈ لاجسٹک نامی کمپنی بھی روزگار میلہ میں شریک ہوئی تھی ، اب نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے کمپنی کی طرف سے ہراساں کئے جانے کی شکایت اسامیوں نے ڈپٹی کمشنر سے کی ہے۔ میلے میں انٹرویو دینے والے کاروار، انکولہ ، سرسی ، کمٹہ ، بھٹکل ، یلاپور اور ہبلی کے قریب 25طلبا کو کمپنی نے منتخب کیاتھا لیکن ابھی تک انہیں روزگار فراہم نہ کرتے ہوئے دھوکہ دئیے جانے کی شکایت کی گئی ہے۔
نوجوانوں نے بتایا ہے کہ کمپنی نے ہرایک نوجوان کو 15دنوں کی تربیت دے کر تقرر کئے جانے کا وعدہ کرتے ہوئے فی کس 15ہزارروپئے وصول کئے تھے ، جس پر ایک سال کا عرصہ گذرچکا ہے، مگر ابھی تک ایک پیسہ بھی نہیں لوٹایا گیا ، اور نہ ہی کام دلوایا گیا، اُلٹا نوجوانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
وشال کا کہنا ہے کہ روزگار میلے میں روزگار کاوعدہ کرکے نوجوانوں کو منتخب کرنےو الی کمپنی اب کہہ رہی ہے کہ اب اُنہیں روزگار فراہم کرنا ممکن نہیں ہے اور نہ پیسہ واپس لوٹایا جاسکتا ہے ۔ جب انہیں فون کرتے ہیں تو وہ لوگ جو کچھ منہ میں آتا ہے بکتے رہتے ہیں، وشال کے مطابق ایک سال پہلے 15دنوں کی تربیت دئیے جانے کی سند اب ہمیں بھیجی گئی ہے اس پر بھی کوئی مصدقہ مہر نہیں ہے ۔ اب ہم کیا کریں۔ وشال نے مزید بتایا کہ معاملے کو لے کر اترکنڑا ضلع کے پولس تھانے میں شکایت درج کرنےجائیں تو ہمیں کہا جاتاہے کہ یہ معاملہ ہماری حدود میں نہیں آتا، بیلگام کی کمپنی ہے وہیں جا کر کیس درج کیا جائے۔ چونکہ روزگار میلہ کاروار میں منعقد ہوا تھا اسی لئے ہم نے اب ڈپٹی کمشنر سے معاملے کی شکایت کی ہے۔
اس سلسلے میں دھوکہ دہی کی شکایت کے متعلق بات کرتے ہوئے ضلع ڈی سی نے کہاکہ روزگار میلہ میں کام دینے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دئیے جانے کی شکایت صحیح ہے ، مگر روزگار میلہ سے دھوکہ دہی نہیں ہوئی ہے، جس کمپنی نے دھوکہ دہی کی ہے اس کے متعلق جانچ کرنے کا ضلع ایس پی کو کہا گیاہے ۔