کاروار ،10؍ اگست (ایس او نیوز) جنگلاتی زمینوں پر رہائش پزیر افراد کے قانونی حقوق کے لئے جد و جہد کرنے والی 'ہوراٹا سمیتی' نے اعلان کیا ہے کہ 15 اگست کو کووڈ پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ جنگلاتی زمین حقوق کے لئے "میں کب ملے گی زمین؟ ۔۔۔۔ ہمیں کب ملیں گے گھر؟ ۔۔۔۔ زمینی حقوق سے محرومین کے لئے آزادی ۔۔۔۔ " نعروں کے ساتھ جشن آزادی کے منایا جائے گا ۔
کاروار پریس کلب میں ہوراٹا سمیتی کے صدر راجیندرا نائک نے اس پروگرام کی مناسبت سے پوسٹرس کا اجراء کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شمالی کینرا کے 2,071 اسکوائر کلو میٹر جنگلاتی علاقے میں 14 لاکھ سے زیادہ افراد رہائش پزیر ہیں ۔ ان میں ایک لاکھ سے زیادہ خاندان اپنے لئے رہائشی اور کاشتکاری زمین کے حقوق ملنے کی آس لگائے بیٹھے ہیں ۔ ان لوگوں کے ساتھ انتظامیہ کی طرف سے مسلسل زور زبردستی ، ظلم و ستم اور ہراسانی کا رویہ اپنایا جاتا ہے اور انہیں نکال باہر کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں ۔ وہ لوگ ذہنی اور جسمانی طور پر آزادانہ زندگی سے محروم ہوگئے ہیں ۔ اس لئے ان کے مصائب اور مسائل کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کروانے کی نیت سے امسال جشن آزادی کے موقع پر اس طرح کا احتجاجی پروگرام ہوراٹا سمیتی کے سرسی دفتر میں منعقد کیا جارہا ہے ۔