کاروار 15/جولائی (ایس او نیوز) ٹیگور ساحل پر سیاحوں کے لئے کشش کا سبب بنا ہوا ’وار شپ میوزیم‘ اتوار کے دن تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند کردیا گیا جس کی وجہ سے بہت سارے سیاحوں کومیوزیم کا نظارہ کیے بغیر مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑا۔
آئی این ایس چیپل نامی بحری فوج کے جہاز کو دیکھنے کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح یہاں تشریف لاتے ہیں۔سیاحت کے موسم میں اس میوزیم کودیکھنے کے لئے روزانہ اوسطاً 300سیاحوں کی آمد ہوتی ہے۔برسات کے موسم میں بھی سنیچر اور اتوار کے دن بڑی تعداد میں سیاح اس کا نظارہ کرتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اس بار بھی اتوار کے دن میوزیم دیکھنے کے لئے بہت سارے لوگ آئے ہوئے تھے مگر میوزیم کے اندر بجلی منقطع ہونے سے اس کے دروازے سیاحوں کے لئے بند کردئے گئے، کیونکہ بجلی کے بغیر میوزیم کے اندر موجود آلات اور ایئر کنڈیشنر کام نہیں کرسکتے تھے۔میوزیم کے عملے نے انجینئروں کو بلانے اور تکنیکی خرابی درست کرنے کی کوشش تو کی مگر چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے یہ کام ممکن نہیں ہوسکا۔چونکہ برسات میں ارتھنگ کی وجہ سے کسی حادثے کے بھی امکانات تھے اس لئے سیاحوں کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔گمان کیا جاتاہے کہ سنیچر کی رات سے ہی میوزیم کے اندر بجلی کی سربراہی میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی۔اتوار کی صبح کو عملے نے جب میوزیم کا دروازہ کھولا تو اس خرابی کا پتہ چلا۔
آئی این ایس چیپل وارشپ میوزیم میں بجلی منقطع ہونے کی صورت میں ااستعمال کرنے کے لئے جنریٹر کا انتظام تو تھا، لیکن پچھلے کئی برسوں سے یہ جنریٹر خراب ہوگیا ہے اور نیا جنریٹر فراہم کرنے کا کام انتظامیہ کمیٹی کی طرف سے ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ فی الحال موجودہ مسئلہ حل کرنے کے لئے عبوری طورپر قریب میں واقع ایک مچھلی کے گودام سے بجلی حاصل کی گئی ہے اور میوزیم کے بجلی کنکشن کو درست کرنے کے لئے متعلقہ افسران سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔