کاروار :21؍ نومبر(ایس اؤ نیوز)تجارتی شہر ہبلی سمیت شمالی کرناٹک اور ساحلی شہروں سے جوڑنے والی اہم سڑک قومی شاہراہ 63کی حالت خستہ ہوگئی ہے۔ انکولہ تعلقہ کے کنچن باگلو کے قریب والے برج کا کنارہ منہدم ہوکر تین مہینے ہوگئے ابھی تک مرمت نہیں ہوئی ہے، آج بھی سواریوں کو آدھی سڑک سے گزرنا محال ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ قومی شاہراہ بالےگولی کراس سے شروع ہوتی ہےتو وہیں سے ہی کھڈوں کی شروعات بھی ہوتی ہے۔ ہونلی، رامن گولی، گلاپور سمیت مختلف جگہوں پر سڑک کے بیچوں بیچ پانچ چھے فٹ کے گہرے اور چوڑے گڑھے ہیں۔ شاہراہ کے بعض مقامات پر کناروں پر ایک ایک فٹ کے کھڈے ہیں ۔ گڑھوں کو بچانےکی دھن میں سواریاں آپس میں ٹکراجاتےہیں یا پھر توازن کھو کر پلٹی ہوجاتےہیں۔ یہی وجہ ہے کہ متعلقہ شاہراہ پر روزانہ حادثات کا ہونا عام ہے۔
ہبلی۔ انکولہ کے درمیان والی یہ شاہراہ ، ایک وقت پوری ریاست میں بہترین سڑک مانی جاتی تھی ۔ لیکن پچھلے تین سالوں سے نگرانی نہ ہونےکی وجہ سے شاہراہ خستہ ہوگئی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ہی اس کی اصل ذمہ دار ہونے کا کرناٹکا رعیت پرانت سنگھا کےضلع صدر شانتارام نایک نے الزام لگایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنچن باگلو کے قریب والا برج تقریباً ٹوٹ کر تین مہینے ہوگئے ابھی تک کوئی مرمت نہیں ہوئی ہے۔ برج منہدم کاخطرہ ہے اس کے باوجود روزانہ اسی برج پر سے مسلسل سواریوں کا گزرنا جاری ہے۔ عوامی نمائندے، افسران سب آنکھ بند کرکے خاموش بیٹھے ہوئے ہیں۔ پوری سڑک کی درستی کرنا ہے ، اگر اس طرف توجہ نہیں دی گئی تو بڑے پیمانے پر احتجاج کئے جانےکا انہوں نے انتباہ دیا ہے۔