کاروار ،27؍ مئی (ایس او نیوز) کاروار تعلقہ کے سیدّر کا رہنے والا سندیپ گاونکر اپنی ماں کےساتھ جھگڑا اور پٹائی کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا تو پولیس فلمی انداز میں اس کی کار کا پیچھا کرکے دھر دبوچ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس جب جھگڑے سے متعلق پوچھ تاچھ کرنے کے لئے سندیپ کے گھر گئی تو پتہ چلا کہ وہ چوری کے الزام میں پولیس کو مطلوب ملزم ہے۔ جب سب انسپکٹر ریونّا سیدپّا نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو نشہ میں دھت ملزم نے کار میں راہ فرار اختیار کی۔ اسی کے ساتھ پولیس نے بھی اس کا پیچھا کرنا شروع کیا۔ فرار ہونے کی کوشش میں ملزم نے مختلف مقامات پر دوسری موٹر گاڑیوں اور کمپاونڈ کی دیواروں سے اپنی کار ٹکرائی اور پولیس کو بڑی دور تک پیچھا کرنے پر مجبور کیا۔ پولیس کے ذریعے ملزم کو پکڑنے کی اس مہم کے دوران ٹاون پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سنتوش کمار نے گیتانجلی ٹاکیز کے پاس بریکیڈ لگا دئے اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی۔ یہاں پر بھی ملزم سندیپ بڑی تیز رفتاری سے نکل بھاگنے میں کامیاب ہوا۔ اس کے باوجود پولیس نے اس کا پیچھا نہیں چھوڑا اورجب کالی ندی کے کنارے پر واقع مندر کے پاس کرشنا جوشی نامی ایک شخص کے کمپاونڈ سے کار ٹکرانے کے بعد وہ بھاگ نہیں سکا تو پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا ۔