کاروار:14/فروری (ایس او نیوز) کاروار تعلقہ شہری اور دیہی راشن دوکان یونین کاروار کی طرف سے اترکنڑا ضلع ڈی سی کو میمورنڈم سونپتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر فروری 2017میں راشن تقسیم نظام کو لے کر پوش مشین نصب کرنےاور کچھ دکانوں کو کوپن شاپ میں منتقل کئے جانے کے متعلق جو حکم نامہ جاری کیا گیا ہے وہ غیر سائنٹفک ہے۔ لہٰذا اس کو رد کیا جائے۔
میمورنڈم میں تحریر کیا گیا ہے کہ راشن دکانوں کے کوپن شاپ کی حقیقت سے آپ پوری طرح آگاہ ہیں، شہری اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کا ٹھیک طرح سے انتظام نہیں ہے، ٹوکن نظام جاری کرنے اور ٹکنیکی خرابیوں کی وجہ سے کام کرنا دشوار ہورہاہے ، کئی ٹوکنوں کو راشن تقسیم کرنے کے بعد بار کوڈ اپ لوڈ نہیں ہورہاہے، جس سے ہرماہ راشن کی تقسیم کاری میں کمی ہورہی ہے، اور مستحق عوام تک راشن نہیں پہنچ پارہاہے، ایسے بےشمار مشکلات کا سامنا ہے ان سب کے لئے سرکارکی غیر سائنٹفک پالیسی کا ذمہ دارہ ہے۔ اورکئی خامیوں کےباوجود پوش مشین نصب کئے جانے کا حکم جاری کیا گیا ہے ، اتنی خطیررقم کی مشین نصب کرنا ہمارے لئے محال ہے ، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکم نامہ کو واپس لیا جائے۔ اس کے بجائے ایک بہتر نظام متبادل کے طور پر جاری کرنے کی مانگ کرتے ہیں۔ اس موقع پر یونین کے صدر وینکٹیش ایچ نائک، نائب صدر دیہی سنتوش کوٹھارکر، نائب صدر شہری اے پی نائک وغیرہ موجود تھے۔