ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار:ضلع میں ستمبر تک ریت کان کنی پر پابندی جاری : بوٹوں کو جی پی ایس نصب کیا جائے گا: ڈپٹی کمشنر ایس نکول

کاروار:ضلع میں ستمبر تک ریت کان کنی پر پابندی جاری : بوٹوں کو جی پی ایس نصب کیا جائے گا: ڈپٹی کمشنر ایس نکول

Thu, 04 Aug 2016 18:57:15    S.O. News Service

کاروار:4/اگست(ایس او نیوز)اترکنڑا ضلع میں یکم جون سے 31جولائی تک لگائی گئی ریت کان کنی  پر پابندی کومزید ایک ماہ تک کے لئے بڑھادی گئی ہے۔ اس بات کی  جانکاری اترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے دی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی ریت کان کنی کمیٹی کی منعقدہ  میٹنگ میں کافی غوروخوض کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہمیٹنگ میں ماحولیات کے ماہرین نے رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ مچھلیوں کا تولیدی عمل ستمبر تک جاری رہتا ہے اس لئے  ستمبر تک ریت سپلائی کو منظوری دینا صحیح نہیں ہے۔ اسی طرح ساحلی علاقوں میں ندیوں میں طغیانی کو دیکھتے ہوئے بھی ریت کی کان کنی پر پابندی ستمبر تک جاری رکھی جانی چاہئے۔

غیرقانونی ریت سپلائی پر روک: ڈپٹی کمشنر ایس نکول نے اسسٹنٹ کمشنرکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شراوتی ندی کنارے پر غیرقانونی طریقے سے ریت سپلائی کئے جانے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں، اس کی روک تھام کے لئے لگاتار جائے وقوع کا جائزہ لیتے رہیں،انہوں نے یہ بھی کہا کہ عارضی طورپر ضروری مقامات پر چک پوسٹ تعمیر کریں اور کسی بھی حال میں غیر قانونی طورپر ریت سپلائی کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ جو بھی بوٹ یا کشتی غیر قانونی طور پر ریت سپلائی کرتی ہوئی پائی جاتی ہیں تو ان کو ضبط کرکے قانونی کارروائی کریں، انہوں نے رات کے اوقات میں گشت کے لئے فاریسٹ محکمہ میں موجود وسائل کا استعمال کرنے کی بھی تاکید کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے تمام چک پوسٹوں کو استحکام بخشا جائے، تحصیل، پولس، آرٹی اؤ، کان کنی اور اراضی سائنس ، فاریسٹ ، پنچایت سمیت متعلقہ تمام محکمہ  جات متفقہ طورپرخدمات انجام دیں، فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ، انہوں نے اس بات کی صلاح دی کہ جو بھی ریت ضبط کرلی گئی ہیں اُسے سرکاری محکمہ جات کو ترجیحات کی بنیاد پر دیں۔ ایس نکول نے بتایا کہ  جن لاریوں میں جی پی ایس نصب کئے گئے ہیں، انہی لاریوں کو ریت سپلائی کے لئے منظوری دی گئی ہے، اسی طرح ریت نکالنے والی بوٹوں کو بھی جی پی ایس نصب کرنے کے متعلق اقدام کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 10بوٹوں کو تجربہ کے طورپر جی پی ایس کی نصب کاری کرتے ہوئے نتیجہ کا جائزہ لیاجائے گا۔ انہوں نے بغیرجی پی ایس کے چلنے والی لاریوں کی نگرانی کے لئے پولس کنڑول روم میں ٹکنیکل انتظامات کئے جانے کی بات کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی ایچ، پرسنا، کان کنی اور اراضی سائنس محکمہ کے نائب ڈائرکٹر کارگزار محمد نصراللہ ، ایڈیشنل ایس پی دیوراج ، مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے


Share: