کاروار:06/ستمبر (ایس اؤنیوز)کیرلا ، تمل ناڈو اور کرناٹکا میں جب چھوت چھات ، ذات پات کا دور دورہ تھا ان بدترین حالا ت میں مندر داخلہ جدوجہد کے ذریعےانسدادِ چھوت چھات کی راہ اپناتے ہوئے برہم شری نارائن گرو کو صرف یا د کرنا نہیں ہے بلکہ ان کے اصولوں پر عمل کرنے کا اترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے خیال ظاہر کیا۔
وہ یہاں ضلعی انتظامیہ ، ضلع پنچایت ، محکمہ کنڑا اور ثقافت کے اشتراک سے بدھ کو ڈی سی دفتر کے ہال میں منعقدہ شری برہم شری نارائن گرو کے جنم دن پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ ڈی سی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نچلے طبقات کو اعلیٰ مقام اور انہیں ترقی دینے والے نارائن گرو سماجی انقلاب کے بانی ہیں، ان کی سماجی فکر سے متاثر ہوکر مہاتما گاندھی نے بھی اپنے کئی ایک مضامین میں نارائن گرو کا ذکر کرتے ہوئے سماجی تبدیلی ، مساوات اور یک جہتی کے اصولوں کو اپنانے کی بات کہی ہے۔ سماجی مفکر نارائن گرو کی فکر اور نظریات کو اپنی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سرکاری پی یو کالج کے موظف پرنسپال ڈی کے نائک نے نارائن گرو پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ نارائن گرو نے سماجی سدھار اور سماج میں پنپنے والے تفریق و تعصب اور چھوت چھات جیسی برائیوں کے سدباب کے لئے جدوجہد کی ۔ نچلی طبقات والوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا مقصد لے کر اسکولو ں کو قیام کیا، مظلوم طبقات کو اعلیٰ مقام دلانے کے لئے سنسکرت کے ساتھ دیگر زبانوں کا مطالعہ کرتے ہوئے دھرم کی بنیاد ڈالی۔ نارائن گرو کی تعلیمات کو تمام طبقات کے درمیان عام کرنے کی اپیل کی۔ ایک بہتر سماج کی تعمیر وتشکیل کے لئے سبھی کو متحد ہونے کی دعوت دی۔
ضلع پنچایت ایگزکیٹیو آفیسر ایل چندر شیکھر نایک نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سماجی عدم مساوات کے زمانے میں نارائن گرو نے سماج میں مساوات ، سدھار کے لئے محنت کرنے کی بات کہی ۔ کنڑا اور ثقافتی محکمہ کے معاون ڈائرکٹر (کارگزار)رام کرشنا نائک نے استقبال کیا ۔ اے سی شیوانند کرالے ، نامدھاری سماج کے صدر وجئے کمار نائک سمیت کئی اہم ذمہ دار اور عوام شریک تھے۔