ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس جے ڈی ایس اتحاد 20حلقوں سے کامیاب ہوگا: ڈی کے شیوکمار

کانگریس جے ڈی ایس اتحاد 20حلقوں سے کامیاب ہوگا: ڈی کے شیوکمار

Tue, 26 Mar 2019 23:08:28    S.O. News Service

بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ ریاست میں 28 میں سے 20 حلقوں میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔ آج رام نگرم میں اپنے چھوٹے بھائی ڈی کے سریش کی طرف سے بنگلور رورل حلقے کے امیدوار کے طور پر پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے لئے پہنچنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران ریاست کے تمام طبقوں کی ترقی کے لئے سدرامیا حکومت کی کارکردگی اور گزشتہ ایک سال میں کمار سوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت کی طرف سے ریاست کو ترقی کی جانب لے جانے کے لئے کی جارہی جدوجہد ریاست میں اتحاد کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ قومی سطح پر پورے پانچ سال کے دوران مودی حکومت کی ناکامیوں سے عوام اکتا چکے ہیں۔ ملک کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ، تبدیلی کی اس لہر کا فائدہ کانگریس کو پورا پورا ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار اپنے اپنے حلقوں سے ریکارڈ کامیابی درج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور رورل سمیت بنگلور کے تمام حلقوں میں کانگریس امیدواروں کی جیت ہوگی اور 23 مئی کو بنگلور سے بی جے پی کا صفایا کردیا جائے گا۔مرکزی حکومت کی طرف سے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے ذریعے ملک بھر میں تجارت کو جو نقصان پہنچایا گیاہے اس کی وجہ سے غریب اور متوسط تاجر طبقہ ناراض ہے۔ اس طبقے کی ناراضی بی جے پی کو بہت مہنگی پڑنے والی ہے۔ خاص طور پر بنگلور جیسے شہری علاقوں میں جی ایس ٹی کی وجہ سے بڑے تجارتی گھرانے جہاں فائدے میں ہیں وہیں چھوٹے تاجروں کی معاشی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ کانگریس قیادت نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ جی ایس ٹی کے نظام پر نظر ثانی کی جائے گی، اور ایک ایسا ٹیکس ڈھانچہ لاگو ہوگا جس سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔ بنگلور ساؤتھ پارلیمانی حلقے سے آنجہانی مرکزی وزیر اننت کمار کی بیوہ تیجسوینی کو ٹکٹ دینے سے بی جے پی کے انکار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی جب اپنوں کی ہی نہیں ہوسکتی تو ملک کے عوام کی کیا ہوگی۔ جس طرح عمر بھر بی جے پی کی وفاداری کرنے والے اڈوانی اور اننت کمار کو وزیر اعظم نے نظر انداز کردیا ہے، ملک کے عوام یہ سب کچھ دیکھ رہے ہیں ۔آنے والے دنوں میں ضرور اس کی سزا بی جے پی کو مل کر رہے گی۔اس موقع پر منڈیا کے رکن پارلیمان ایل آر شیورامے گوڈا ، رکن اسمبلی منی رتنااور دیگر موجود تھے۔


Share: