نئی دہلی،18؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )کانگریس نے کرناٹک میں بی جے پی کے پاس حکومت بنانے کے لئے اکثریت کے اعداد و شمار نہ ہونے کے باوجود گورنر وجوبھائی والا کی طرف سے بی جے پی کو مدعو کیے جانے کے بارے میں صدر رام ناتھ کووند کو آگاہ کرنے کے یکساں خیال والی پارٹیوں کی جانب سے ان سے ملنے کا وقت مانگا ہے۔پارٹی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ صدر سے ملنے کا وقت مانگا گیا ہے لیکن کل کرناٹک اسمبلی میں تعداد کو دیکھتے ہوئے ان سے اگلے ہفتے ملاقات کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس اور یکساں خیال والی دوسری پارٹیاں صدر کو اس بارے میں آگاہ کرانا چاہتی ہے کہ کرناٹک کے گورنر نے بی جے پی کے پاس اکثریت کے اعداد و شمار نہ ہونے کے باوجود اسے حکومت تشکیل کرنے کے لئے مدعو کیا۔آر جے ڈی سمیت یہ پارٹیاں صدر کے سامنے یہ بات رکھنا چاہتی ہیں کہ ہر ریاست میں حکومت تشکیل کے لئے مختلف قوانین کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔لالو پرساد کی پارٹی کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی پارٹی ہونے کی وجہ سے بی جے پی کو حکومت تشکیل کی دعوت دی گئی تو پھر یہی بنیاد بہار میں بھی لاگو ہونا چاہیے تھا جہاں وہ سب سے بڑی پارٹی ہے۔دراصل عدالت نے آج کہا کہ یدی یورپا کل شام چار بجے اسمبلی میں اکثریت ثابت کریں۔اس سے پہلے گورنر نے یدی یورپا کو اکثریت ثابت کرنے کے لئے 15دن کا وقت دیا تھا۔گورنر نے بدھ کو یدی یورپا کو حکومت بنانے کی دعوت دی تھی جس کے خلاف کانگریس نے بدھ کی رات ہی اعلیٰ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔غور طلب ہے کہ ریاست میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی ہے۔ ریاست کی 224 رکنی اسمبلی میں 222 نشستوں پر ہوئے انتخابات میں بی جے پی کو 104، کانگریس کو 78 اور جدیس + کو 38 سیٹیں ملی ہیں۔فی الحال، اکثریت کے لئے جادوئی اعداد و شمار 112 ہے۔