بنگلورو:19؍ فروری (ایس اؤ نیوز) حجاب معاملے کو لے کر ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے بہانے کالجوں میں باحجاب طالبات کو داخلہ نہ دئیے جانے کو لےکر مسلم طالبات ریاست بھر میں احتجاج پر ہیں۔ احتجاج جاری رکھتےہوئے طالبا ت کا کہنا ہے کہ ’ہمیں حجاب پہننے دیں یا پھر ہمیں زہر دیں‘۔احتجاج کے چلتے ریاست کے 18اضلاع کی 34سے زائد کالجوں میں حجاب معاملہ پر ہنگامہ جاری رہا۔
ریاست کے بہت سارے کالجوں میں قریب 650سے زائد طالبات کلاسوں اور داخلی امتحانات کا بائیکات کئےجانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ یادگیری ضلع کے ایک اسکول میں سبھی طلبا نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرنے سے کلاسوں کو قفل لگایاگیا ۔ کورگ اور اُڈپی میں باحجاب طالبات کی تائید میں سیکڑوں طلبا کلاسوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔ البتہ ہائی کورٹ میں سماعت کے جاری رہتے اکثر مسلم طالبات اسکول و کالجوں سے دور ہی رہنے کی خبر ہے۔
ہاسن کی مہیلا پالی ٹکنیک کالج میں باحجاب طالبات کو پرنسپال اور لکچرر حضرات نے سمجھایا کہ وہ حجاب نکال کر کالج آئیں لیکن طالبات نے حجاب نکالنے سے صاف انکار کرتےہوئے کہاکہ ہم حجاب کے ساتھ ہی کالج آئیں گے۔ ہمیں کالج میں حاضر ہونے دیں یا پھر زہر دیں۔ یادگیر، شاہ پور، گرومٹکل سمیت کئی مقامات کی کالجوں میں حجاب کی حمایت میں احتجاج کرتےہوئے سرکاری حکم نامہ پر سخت اعتراض جتایا گیا ہے۔