بنگلورو،29؍جنوری(ایس او نیوز) کرناٹک میں ایک بارپھر نیاسیاسی محاذ تیارہوگیا ہے۔ایک دوسرے کے خلاف جم کر برسنے والے کمارسوامی اور بی ایس ایڈیورپا نے قانون ساز کونسل کیلئے ہاتھ ملالیاہے۔
بی جے پی اور اپوزیشن پارٹی جنتا دل سیکولر کا ایک ساتھ ہونے سے کانگریس ریاست میں اب الگ تھلگ پڑگئی ہے۔تاہم، بی جے پی نے اس کیلئے بڑی قیمت چکائی ہے - سابق وزیراعظم وجے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا کے فرزند سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے پھر ایک بار یوٹرن لیتے ہوئے ریاستی قانون ساز کونسل میں انسداد گؤکشی بل کی تائید کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس طرح کمار سوامی نے اپنے پچھلے اعلان کے برعکس یہ فیصلہ کیا ہے۔
جے ڈی ایس کے سینئر لیڈر و رکن کونسل بسوراج ہورٹی نے آج جمعرات کے دن ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاستی کونسل میں حکومت کی جانب سے پیش کی جانے والی انسداد گؤکشی بل کی ان کی پارٹی جے ڈی ایس تائید کرے گی۔ اس مرتبہ بل کی مخالفت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ اکثر بی جے پی حکومت کے ساتھ کونسل کے 75/اراکین میں سے بی جے پی اور جے ڈی ایس کے 43/ اراکین ہیں جو اکثریبت میں ہیں دونوں پارٹیاں اس بل کی تائید کریں گی۔
یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ کونسل چیرمین کا عہدہ جے ڈی ایس کو چھوڑ دینے کے بعد دونوں پارٹیوں میں گؤکشی بل کی تائید کرنے پر اتفاق ہواہے۔ یہ بھی طے ہوا ہے کہ جے ڈی ایس بسو راج ہورٹی کونسل کے اگلے چیرمین ہوں گے اور بی جے پی کے پرانیش ڈپٹی چیرمین ہوں گے۔ ان انتخابات میں بی جے پی اور جے ڈی ایس ایک دوسرے کی تائید کریں گے۔ نئے انسداد گؤکشی قانون کے تحت گؤکشی کے الزام میں پکڑے جانے پر3تا7سالوں کی سزا اور 50ہزار روپئے تا5لاکھ روپئے جرمانہ ہوگا۔ جے ڈی ایس ایسے خطرناک قانون کی تائید کررہی ہے جب کہ اپنے آپ کو سکیولر کہتی ہے۔ تازہ صورتحال کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ لنگایت لابی کے آگے جے ڈی ایس بھی جھک گئی۔
جے ڈی ایس لیڈر بسو راج ہورٹی اوروزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا دونوں کا تعلق لنگایت طبقہ سے ہے۔ اس وقت 75/اراکین کونسل میں بی جے پی کے31، کانگریس 28 /اور جے ڈی ایس کے13/ آزاد ایک،چیرمین ایک اور ایک سیٹ خالی اراکین کی تعداد اس کے باوجود بی جے پی کونسل چیرمین بننے میں بسوراج ہورٹی کی تائید کرنے پر آمادہ ہے۔ اس کے عوض جے ڈی ایس ڈپٹی چیرمین کے چناؤ میں جے ڈی ایس، بی جے پی امیدوار کی تائید اور کونسل میں انسداد گؤکشی بل کی تائید کرے گی-