ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے بیشتر اضلاع شدید بارش کی لپیٹ میں، ہزاروں ہیکٹیر کی فصلوں کو بھاری نقصان، کئی تعلقہ جات پوری طرح زیر آب

کرناٹک کے بیشتر اضلاع شدید بارش کی لپیٹ میں، ہزاروں ہیکٹیر کی فصلوں کو بھاری نقصان، کئی تعلقہ جات پوری طرح زیر آب

Thu, 15 Oct 2020 11:56:55    S.O. News Service

بنگلورو،15؍اکتوبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے شمالی اور ساحلی علاقوں میں زور دار بارش کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ خاص طور پر شمالی کرناٹک کے وجئے پور، باگل کوٹ، کلبرگی اور آس پاس کے اضلاع میں صورتحال انتہائی نازک ہے۔ بارش کی وجہ سے ان اضلاع میں عوامی زندگی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ کئی تعلقہ جات زیر آب آچکے ہیں۔ ہزاروں ایکٹر زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ وہ تعلقہ جات جو زیر آب آچکے ہیں وہاں پانی بھر جانے کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں۔ 

حکام نے بتایا ہے کہ بارش کی وجہ سے شمالی کرناٹک کے اضلاع میں سویا بین، کپاس، باجرا وغیر ہ کی فصلوں کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے۔ 

گزشتہ تین دن سے ان علاقوں میں بارش کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اب تک حکومت کی طرف سے ان علاقوں میں راحت کاری کے لئے کوئی قدم نہ اُٹھائے جانے پر مقامی سیاسی قائدین نے پارٹی امتیازات سے بالاتر ہو کر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لئے گنجی مراکز قائم کئے جائیں۔ 

وجئے پور، باگل کوٹ، کلبرگی، رائچور یادگیر اور قریب کے علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے جاری بارش سے جہاں بھاری نقصانات ہوئے ہیں، وہیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے دو دن تک ان اضلاع میں بارش کا سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔ ۔

بیلگاوی ضلع کے بیل ہونگل، ہکیری، چکوڈی، اتھنی تعلقہ جات میں موسلاد ھار بارش نے تمام فصلوں کو برباد کردیا ہے۔ 

کہا جاتا ہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے علاقوں میں بھی زور دار بارش کے سبب کوئنا ڈیم سے 12 ہزار کیوسک پانی کرناٹک کی کرشنا ندی کی طرف بہادیا گیا جس کے سبب کرشنا طاس میں آنے والے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ 

وجئے پور میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے۔ ضلع بھر میں تالاب اور پانی کے ٹینک پوری طرح بھر چکے ہیں اور خدشہ ہے کہ ان کے کنارے ٹوٹ جانے کے سبب نقصانات میں اور اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

کلبرگی ضلع بھر میں موسلادھار بارش کے سبب یہاں کی بھیما، کاگینا اور ملاماری ندیوں میں سیلاب کی اطلاع ملی ہے۔ بارش کے سبب ان تینوں ندیوں کو پار کرنے کے لئے تعمیر کئے گئے متعدد پل زیر آب آچکے ہیں۔ 

ریاست میں ساحلی علاقوں میں بھی مسلسل بارش کی وجہ سے صورتحال بگڑی ہوئی ہے اور ان علاقوں میں بھی سپاری اور دیگر اقسام کی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب موسم میں جو خرابی آئی ہے اس کا سلسلہ اگلے دو دن تک جاری رہے گا۔ 


Share: