ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ یڈ ی یورپا کی نواسی سوندر یہ پھانسی کے پھندے سے لٹکتی ملی

کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ یڈ ی یورپا کی نواسی سوندر یہ پھانسی کے پھندے سے لٹکتی ملی

Fri, 28 Jan 2022 20:25:12    S.O. News Service

بنگلورو، 28؍جنوری (ایس او نیوز) کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس یڈی یورپا کی نواسی  سوندریہ کی لاش بنگلورو کے ایک اپارٹمنٹ میں پھانسی کے پھندے سے لٹکتی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ 30 سالہ سوندریہ نے خودکشی کی ہے یا پھر وہ کسی سازش کا نشانہ بنی ہے، اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی معلوم نہیں چل سکا ہے۔ بی ایس یڈی یورپا کے دفتر سے ایک بیان ضرور جاری ہوا ہے جس میں مطلع کیا گیا ہے کہ بورنگ اور لیڈی کرژن اسپتال میں سوندریہ کا پوسٹ مارٹم عمل میں آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب سوندریہ کو پھانسی کے پھندے سے جھولتے دیکھا گیا تو انھیں فوراً پھندے سے نکال کر اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرس نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ سوندریہ پیشے سے ڈاکٹر تھیں اور سنٹرل بنگلورو واقع اپنے فلیٹ میں رہتی تھیں۔ سوندریہ کا ایک چار سال کا بچہ بھی ہے۔ بہرحال، پولیس نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور اس تعلق سے جانچ شروع کر دی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ یڈی یورپا کی دوسری بیٹی پدماوتی کی بیٹی سوندریہ کی لاش جمعہ کی صبح برآمد ہوئی۔ سوندریہ کی شادی 2018 میں نیرج سے ہوئی تھی اور وہ بھی ڈاکٹر ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حادثہ کا پتہ اس وقت چلا جب گھر میں کام کرنے والی ایک خاتون نے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا اور اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔ خاتون نے سوندریہ کے شوہر ڈاکٹر نیرج کو مطلع کیا۔ نیرج نے بھی سوندریہ کو فون کیا لیکن جب کوئی جواب نہیں ملا تو کچھ لوگوں کی مدد سے گھر کا دروازہ توڑا گیا۔ لوگوں نے دیکھا کہ وہاں سوندریہ پھندے سے لٹکی ہوئی ہے۔ بہرحال، بورنگ اسپتال کے فورنسک محکمہ کے صدر ڈاکٹر ستیش کا کہنا ہے کہ سوندریہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے اور جلد ہی رپورٹ سونپا جائے گا۔


Share: