منگلورو،13؍اپریل (ایس او نیوز؍پی ٹی آئی ) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے منگل کو کہا کہ پولیس کو ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دی گئی ہیں جو سماج میں دراڑ پیدا کرنے کیلئے اشتعال انگیز بیان دیتے ہیں۔ بومئی نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہا کہ ریاست میں قانون و انتظام اور امن برقرار رکھنا سرکار کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں مذہبوں کے درمیان کوئی راست لڑائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ تنظیمیں اور ان کے لیڈر پر امن ماحول کو خراب کرنے کیلئے اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون و انتظام قائم رکھنے کیلئے قدم اٹھانے پر پولیس دائرکٹر جنرل نے سبھی ضلع کمشنروں کے ساتھ پیر کے روز بات چیت کی ۔ اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کے موضوع پر بومئی نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا ، سینئر لیڈر ارون سنگھ اور نلن کمار کٹیل کی صدارت والی 3 ٹیمیں پوری ریاست کا دورہ کریں گی۔ ریاست کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ 16 اور 17 اپریل کو بلائی گئی ہے۔