ٹمکورو،19؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) ٹمکورو کے پاواگڈا کے قریب خانگی بس الٹ جانے کے نتیجے میں حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں دو طلبہ سمیت کم از کم 8 افراد ہلاک اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ٹمکورو اور پاوا گڈا کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا ہے۔ جبکہ نعشوں کو پاوا گڈا اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں شدید طور پر زخمی افراد میں بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ خانگی بس پاواگڈا سے وائی این ہوسکوٹے جارہی تھی کہ اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
مقامی افراد نے بتایاکہ بس میں گنجائش سے کہیں زیادہ مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے بس بے قابو ہوگئی۔ اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ مسافروں میں بیشتر طلباء تھے۔
پولیس کے مطابق پرائیویٹ بس میں 100سے زائد مسافر سفر کررہے تھے۔ جب حادثہ ہوا تو سڑک پر ہر طرف نعشیں بکھری پڑی تھیں۔