ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں کووِڈ کی دوسری لہر: مذہبی اور عام مقامات پر تہوار، اجتماع یا جشن منانے پر لگی پابندی

کرناٹکا میں کووِڈ کی دوسری لہر: مذہبی اور عام مقامات پر تہوار، اجتماع یا جشن منانے پر لگی پابندی

Fri, 26 Mar 2021 16:52:37    S.O. News Service

بنگلورو،26؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست میں بڑھتی ہوئی کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر  احتیاطی تدابیر کے طور پر حکومت نے عام مقامات کے علاوہ مذہبی تہواروں میں جمع  ہونے والی بھیڑ پر روک لگا دی ہے۔

اسٹیٹ ڈِسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی (ایس ڈی ایم اے) نے درپیش صورت حال اور خطرات کا جائزہ لینے کے بعد جو ہدایات دی ہیں اس کے مطابق چند دنوں میں یکے بعد دیگرے منائے جانے والے یوگادی، ہولی، شبِ براءت، گُڈ فرائڈے وغیرہ میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہونے پر روک لگادی گئی ہے تاکہ ایک دوسرے سے ہوکر کورونا کے پھیلاو کا سلسلہ روکا جا سکے۔ 

سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ :"ڈِسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 22 کے تحت تفویض کیے گئے اختیارات     کے مطابق ایس ڈی ایم اے کی طرف سے تمام میونسپل کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور تمام متعلقہ افسران کو یہ ہدایت دی جاتی ہے کہ آنے والے مذہبی تہواروں جیسے یوگادی، ہولی، شب براءت، گڈ فرائڈے وغیرہ کے موقع پر ریاست کرناٹکا کے عام مقامات، عوامی میدان، عوامی پارک، عام بازاراور مذہبی مقامات وغیرہ پر اجتماعات، جشن، جلسہ یا مذہبی تہوار منانے کے لئے  لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔"

سرکاری حکم نامہ  میں تمام میونسپل کمشنرس، ڈپٹی کمشنرس اور متعلقہ افسران کو ان ہدایات کے نفاذ اور مکمل عمل پیرائی کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے  مزید تنبیہ کی گئی ہے کہ جو کوئی ان ہدایات کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے اس کے خلاف ڈِسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعات 51 اور 60 کے علاوہ آئی پی سی کی دفعہ 188 اور کرناٹکا ایپیڈیمک ڈیسیز ایکٹ 2020 کی دفعہ 4,5,10 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔    

بتایا گیا ہے کہ  کرناٹک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے سبب حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے- جمعرات کے روز کرناٹک بھر میں 2532/ افراد کورونا سے متاثر پائے گئے جن میں سے صرف شہر بنگلور میں اس وباء سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1500 کے آس پاس رہی- کورونا کے بڑھتے ہوئے خوف کے سبب بی بی ایم پی کی حدود میں ضوابط کو  مزید سخت کردیا گیا ہے- شادیوں میں 200 سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگانے کے ساتھ ہی ماسک استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانہ لگانے کیلئے مارشلوں کو حاصل اختیارات بحال کردئے گئے-شادیوں اور دیگر تقریبات کے دوران بی بی ایم پی کی طرف سے لگائی  گئی                         پابندیوں کو پامال کرنے کی صورت میں منتظمین پر قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ 10 ہزار روپئے جرمانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے - ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھار نے بتایا کہ ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد کے اعتبار سے شہربنگلور ساتویں مقام پر آچکا ہے جو باعث تشویش ہے -

انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ احتیاط برتیں ورنہ آنے والے دنوں میں حالات اوربھی سنگین ہوسکتے ہیں -یکم اپریل سے بیرون ریاست سے کرناٹک میں داخل ہونے والے تمام شہریوں کیلئے آرٹی پی سی آر کے تحت کووڈ ٹسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے -اس کے علاوہ آنے والوں میں اگر کورونا متاثرین کی تعداد مزید بڑھتی ہے تو وزیر نے اشارہ دیا کہ ضوابط میں سختی بڑھائی جاسکتی ہے -


Share: