کمٹہ:24؍فروری(ایس اؤ نیوز)نوجوانوں کی بہتر صحت اور جسمانی حرکت بنائے رکھنے کے مقصد کو لےکر انڈین میڈیکل اسوسی ایشن اور انڈین ڈنٹل اسوسی ایشن کمٹہ کے اشتراک سے عوامی سطح پر فٹ کمٹہ ۔ فٹ انڈیا مہم کے تحت سائیکلوتھان منعقد کیاگیا ۔
نیلی کیری پرانے بس اسٹانڈ سے شروع ہوئے سائیکلو تھان میں نوجوان، بزرگ اور بچے کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ کمٹہ کے رکن اسمبلی دینکر شٹی ریس میں شرکت کی۔ سائیکلوتھان بستی پیٹ سے ہوتے ہوئے چترگی مہاتماگاندھی میدان پہنچا جہاں ڈائس پروگرام منعقد کیاگیا تھا۔
رکن اسمبلی دینکر شٹی نے تقریب کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسان میں خود اعتمادی بہت اہم ہوتی ہے۔ ہر ایک فرد کو صحت مندی کا پیغام دینے کے لئے میڈیکل اسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ پروگرام قابل ستائش ہے۔ تقریب میں ویٹ لفٹنگ میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے انیل نائک، پیرا اولمپک میں گولڈ میڈل پانے والے ڈاکٹر ناظم خان وغیرہ کی تہنیت کی گئی ۔ اس کے بعد بچوں کے درمیان سائیکلوتھان مقابلے منعقد ہوئے ۔ کمٹہ روٹری کلب صدر سریش بھٹ، کمٹہ ہیلتھ پائنٹ انیل نائک، میڈیکل اسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر نمرتا شانبھاگ سمیت کئی لوگ موجود تھے۔