ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور : حجاب کی اجازت طلب کرتے ہوئے طالبات، والدین اور مذہبی رہنماوں نے دیا پرنسپالوں کو میمورنڈم

کنداپور : حجاب کی اجازت طلب کرتے ہوئے طالبات، والدین اور مذہبی رہنماوں نے دیا پرنسپالوں کو میمورنڈم

Sun, 06 Feb 2022 18:47:53    S.O. News Service

کنداپور 6/ فروری (ایس او نیوز) حجاب بمقابلہ زعفرانی شال تنازع  کے پس منظر میں طالبات ، والدین اور مذہبی رہنماوں نے کنداپور کے بی بی ہیگڈے کالج پرنسپال پروفیسر کے امیش شیٹی ، بھنڈارکرس کالج پرنسپال ڈاکٹر این پی نارائن اور آر این شیٹی کالج کے پرنسپال نوین کے شیٹی کو میمورنڈم دیا ۔ 

کل ہفتہ کے دن پیش کیے گئے اس میمورنڈم میں طالبات نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لوگ کالج کھلنے کے پہلے دن سے ہی یونیفارم کے ساتھ حجاب پہن کر آرہے ہیں ۔ حال ہی میں کچھ باہری طاقتوں کی سازش سے یونیفارم کا مسئلہ کھڑا کرکے ہم آہنگی کے ساتھ حصول تعلیم کا ماحول خراب کردیا گیا ہے ۔ اس پس منظر میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ  ہمیں دستوری طور پر حاصل حق کے تحت سر ڈھانکتے ہوئے حجاب کے ساتھ کلاس روم میں داخل ہونے کا موقع دیا جائے ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے والدین نے کہا : ہم نے پہلے کی طرح ہی حجاب کے ساتھ طالبات کو کلاس میں حاضر ہونے کی اجازت دینے کی درخواست پرنسپالوں کےسامنے رکھی ہے ۔ انہوں نے اس مانگ کو انتظامیہ کمیٹی کے سامنے رکھتے ہوئے جلد از جلد اس مسئلہ کو حل کرنے کی بات کہی ہے ۔ 

والدین میں سے بعض کا کہنا تھا کہ ہم پرنسپالوں کی طرف سے بہتر نتائج کی امید رکھتے ہیں ۔ ہم لوگ کنداپور میں برسہا برس ہم آہنگی کے ساتھ جی رہے ہیں ۔ اس مسئلہ میں سیاسی جماعتوں کو دخل اندزای نہیں کرنی چاہیے ۔ 

موقع پر حاضر والدین میں سے سید یاسین نامی ایک شخص نے کہا کہ میں رکن اسمبلی سے اپیل کرتا ہوں کہ حجاب کے معاملہ کو صحیح انداز میں سمجھیں اور خوش گوار طور پر اس کو حل کریں ۔ وزیر اعظم نے بیٹی بچاو - بیٹی پڑھاو کا نعرہ دیا ہے ۔ اسی طرح ہم نے اپنی بیٹیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے کالجوں میں بھیجا ہے ۔ لیکن اب حصول تعلیم کی راہ میں اس طرح کے مسائل کھڑے ہوگئے ہیں ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت اور ہائی کورٹ کو دستور کے دائرہ میں فیصلہ کرنا چاہیے ۔

اس موقع پر سید یاسین ، حسین ہائکاڈی، منصور ابراہیم ، شبانہ ہنگلورو، بی ایس ایف رفیق ، عبدالسمیع ہلگیری ، عبدالستار، ناصر کنداپور، اودئے کمار تلّور، ششی دھر ہیمّاڈی وغیرہ موجود تھے ۔ 
 


Share: