کنداپور 6 / جولائی (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے ہانگلور میں ونائیک تھیٹر کے پاس واقع ونسینٹ ڈیسوزا کے گھر میں گیس سلینڈر لیک ہونے کی وجہ سے آگ لگی جس کے نتیجے مالک مکان زخمی ہونے کے علاوہ گھر پوری طرح خاکستر ہوگیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ونسینٹ اپنے گھر میں تنہا رہتا ہے۔ آج صبح چاول پکانے کے بعد وہ بازار گیا اور دوسرا گیس سلینڈر لانے کے بعد دوبارہ کھانا پکانا شروع کیا۔ اس دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی اور گھر کے سامان کے ساتھ چھت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ بجھانے کی کوشش میں ونسینٹ بھی معمولی طور پر زخمی ہوا ہے۔ آتشزدگی سے 2 لاکھ روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ گرام پنچایت کے صدر اور گیس ایجنسی کے ذمہ داران نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔