کنداپور:9/اگست(ایس او نیوز)اُڈپی تعلقہ کے نویں شریار گرام پنچایت کی صدر کوپنچایت کے نائب صدر سمیت چند ممبران تین ماہ سے مسلسل ذہنی اذیت اور ہراساں کرتے ہوئے ان کے کام کاج میں دقتیں پیدا کررہے ہیں، اس کے علاوہ ذات کی تحقیر کرتےہوئے دلت کے نام پر ظلم کررہے ہیں اس بات کا الزام سمتا سینک دل کے ممبران نے منگل کو گرام پنچایت کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے لگایا۔
احتجاجیوں نے بتایا کہ نویں شریار گرام پنچایت صدر کے عہدے پر ریزرویشن کی بنیاد پر ایک دلت عورت فائز ہے، اسی گرام پنچایت کے نائب صدر شکرا پجاری اور دیگر دوممبران پردیپ بلال اور سریندر شٹی چھوت چھات کا ماحول پیدا کررہے ہیں، اس کے علاوہ جعلی بل پر رقم منظوری کے لئے دبائو ڈال رہے ہیں، صدر صاحبہ جب دستخط کرنے سے انکار کرتی ہیں تو انہیں ان کی ذات کو لےکر تحقیر کی جاتی ہے، ان کے رویہ سے دستوری طورپر جو ریزرویشن کا حق دیا گیا ہےوہ چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سمتا سینک دل کے ضلعی صدر وشوناتھ پیتری نے کہاکہ حکومت کی طرف سے مختلف منصوبہ جات کے تحت گرام پنچایت کو رقم منظور ہوتی ہے ، جعلی فوٹو اور بل کی بنیاد پر لاکھوں روپئے کو لوٹنے کی سازش کررہے ہیں،چونکہ حالیہ صدر جیوتی ایسے غیر قانونی کاموں کو روکنے کی وجہ سے ان پر زور زبردستی اور ظلم کیا جارہاہے۔ جس کے نتیجےمیں کوئی بھی وارڈ یا گرام سبھا کا انعقاد نہیں ہورہاہے۔پنچایت کے ممبران دیہی ترقی کی طرف توجہ دینے کے بجائے صدر کا عہدہ سنبھالنے والی دلت عورت کو ذہنی طورپر ہراسانی کرنا صحیح نہیں ہے، انہوں نے متعلقہ ممبران کو ایسی کرتوت سے باز آنے کی تاکید کی۔ ساتھ ہی پنچایت کے پی ڈی ائو گنپ موگویر کا تبادلہ کرنے کی بھی مانگ رکھی۔ اس موقع پر سمتا سینک دل کے جنرل سکریٹری نے بھی احتجاجیوں سے خطاب کیا۔ احتجاج میں بھرتی بابنا، منجوناتھ مدھوون ، سدھیر کانچن و غیرہ موجود تھے۔