ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور:تین طلاق کی متاثرہ خاتون نے شوہر اور اس کے گھر والوں کے خلاف پولیس میں درج کی شکایت، شوہر گرفتار

کنداپور:تین طلاق کی متاثرہ خاتون نے شوہر اور اس کے گھر والوں کے خلاف پولیس میں درج کی شکایت، شوہر گرفتار

Mon, 09 Sep 2019 12:46:57    S.O. News Service

منگلورو9/ستمبر (ایس او نیوز) طلاق ثلاثہ یا ایک ہی وقت میں تین طلاق کہتے ہوئے ازدواجی رشتہ ختم کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے مرکزی حکومت نے جو نیا قانون بنایا ہے، اس کے تحت اڈپی ضلع کا سب سے پہلا کیس کنداپور ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ الفیہ اختر(29سال) نامی خاتون نے ہیری اڈکا کے رہنے والے اپنے شوہر حنیف سید (32سال)، اس کے والدین عباس سید، والدہ زیتون اور اس کی بہن عائشہ کے خلاف یہ کہتے ہوئے کیس درج کروایا ہے کہ تین طلاق کے ذریعے غیر قانونی طور پر اس کا ازدواجی رشتہ توڑا گیا ہے۔ شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں مرکز ی حکومت نے ایک ترمیمی بل کے ذریعے تین طلاق کے ذریعے بیوی کو چھوڑدینے کو قابل تعزیر جرم قرار دیا ہے۔

 الفیہ نے پولیس کے پاس جو شکایت درج کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ اس کی شادی موڈو گوپاڈی گاؤں کے رہنے والے حنیف سید کے ساتھ اسی سال 4جولائی کو ہوئی تھی۔اس وقت اس کی سسرال والوں نے جہیز میں پانچ لاکھ روپے طلب کیے تھے۔ لیکن اس کے والدین صرف 2لاکھ روپے ہی ادا کرسکے۔ ”اس وجہ سے میرے شوہر اور اس کے گھروالوں نے مجھے مسلسل ہراسا ں کرنا شروع کیا۔اور پھر 15اگست کے دن میرے شوہر نے تین بار طلاق کہتے ہوئے مجھے اپنی زندگی سے الگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔“

 الفیہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کنداپور پولیس نے طلاق،جہیز ہراسانی اور گھریلو ہراسانی سے متعلقہ قوانین کے تحت حنیف سید اور اس کے گھر والوں کے خلاف کیس درج کرلیا  اور حنیف سید کو گرفتار کرلیا۔


Share: