ممبئی،4؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت گذشتہ کئی مہینوں سے مسلسل مہاراشٹرا حکومت کو نشانہ بنارہی ہیں۔ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد شروع ہونے والی ٹوئٹر کی جنگ کے بعد سے ان کا ریاستی حکومت کے ساتھ مڈبھیڑ وقتا فوقتا ہوتی رہتی ہے۔ اب کانگریس اور این سی پی ، مہاراشٹرا حکومت میں شامل اتحادیوں نے کنگنا پر حملہ کردیا ہے اور بی جے پی کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
کانگریس-این سی پی نے کہا ہے کہ کنگنا رناوت بی جے پی کی ہدایت کے مطابق مہاراشٹر وکاس اگھاڑی حکومت کیخلاف بول رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس (بی جے پی )نے جوگناہ کیا ہے ، وہ کبھی دھل نہیں سکتا ، گرچہ وہ مہاراشٹر کے عوام سے معافی ہی کیوں نہ مانگ لے۔کنگنا رناوت نے شیوسینا رہنما ارملا ماتونڈکر پر حملہ کے بعد حکمران جماعتوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے لوگ بی جے پی کے ساتھ دھوکہ دہی پراپناواضح موقف اختیار کریں گے۔ کنگنا نے دفتر خریدنے کے لئے ارملا ماتونڈکر کو نشانہ بنایا تھا۔
کنگنا رناوت اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ ارملا کے دفتر کی طرف اشارہ کررہی تھی ، جسے انہوں نے شیو سینا میں شامل ہونے کے فوراً بعد کمرشل ایریا میں تین کروڑ میں خریدا تھا۔ ماتونڈکر نے یہ بھی جواب دیا کہ اس نے یہ پراپرٹی اپنی ایک دوسری پرا پرٹی بیچ کر خریدی ہے۔ اس کے لئے ان کے پاس بھی ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات موجود ہیں۔