بنگلورو، 14؍ جون (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ کے سبب عوام اور حکومت کے لئے پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کرناٹک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی ریاستوں کی تعداد کے اعتبار سے ملک میں 9 ویں مقام پر پہنچ چکی ہے اور کیسوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، اسی کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے۔ مہاراشٹرا میں متاثرین کی تعداد 1 لاکھ سے متجاوز ہوچکی ہے اور وہاں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسی طرح تمل ناڈو ، گجرات اور دہلی میں بھی متاثرین کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اتر پردیش ، راجستھان ، مدھیہ پردیش ، مغربی بنگال کے بعد کرناٹک کا نمبر ہے۔
کرناٹک میں 308 تازہ معاملات کے بعد اب متاثرین کی تعداد 7 ہزار کے قریب ہوچکی ہے، اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 6824 تک پہنچ چکی ہے اور ریاست میں مہلوکین کی تعداد 79 ہے۔ ہفتہ کے روز کرناٹک میں جو تازہ معاملے سامنے آئے ان میں سے 208 متاثرین بین ریاستی سفر سے لوٹنے والے ہیں اور 7 بین الاقوامی سفر سے لوٹے ہیں۔ کلبرگی میں سب سے زیادہ 67 کیس سامنے آئے، یادگیر میں 52 ، بیدر میں 42، بنگلورو اربن میں 31، دکشن کنڑا میں 30، دھارواڑ میں 20، اُڈپی میں 14، ہاسن میں 11، بیلاری میں 11، وجئے پور میں 6، رائچور اور اُتر کنڑا میں 5،5 کولار میں 4 ، داونگیرے میں 3، منڈیا اور ہاویری میں 2،2 باگل کوٹ اور رام نگرم میں 1،1 کیس سامنے آیا ہے۔
اُڈپی ضلع میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1005 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 584 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کلبرگی میں اب تک 883 افراد متاثر ہوئے ، ان میں سے 377 صحت یاب ہوئے ہیں اور 10 کی موت ہوچکی ہے، یادگیر میں 787 افراد متاثر ہوئے ان میں سے 237 صحت یاب ہوئے ہیں، بنگلورو میں 648 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے 299 صحت یاب ہوئے اور 29 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ریاست میں 3 کورونا مریض فوت ہوگئے ۔ دھارواڑ ضلع میں 70 سالہ بزرگ ، بنگلورو میں 62 سالہ شخص اور 22 سالہ نوجوان کووڈ۔19 کے علاج کے دوران فوت ہوگئے ۔ اس طرح ریاست میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 81 ہوگئی۔