ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا کے معاملات: ٹمکور ضلع ریڈ زون سے آرینج زون میں پہنچ رہاہے:مدھوسوامی

کورونا کے معاملات: ٹمکور ضلع ریڈ زون سے آرینج زون میں پہنچ رہاہے:مدھوسوامی

Wed, 26 May 2021 12:02:38    S.O. News Service

ٹمکور،26؍مئی (ایس او نیوز)کووِڈ کے معاملا ت میں بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ٹمکور ضلع کو ریڈزون قرار دیاگیاتھا،مگر اب کوروناکے معاملات میں کمی آنے کی وجہ سے ضلع آرینج زون میں ہے۔یہ بات ریاستی وزیر برائے چھوٹی آبپاشی وضلع نگران کار وزیر جے سی مادھوسوامی نے کہی۔

انہوں نے یہاں ڈپٹی کمشنر آفس کے میٹنگ ہال میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ اور افسروں کی محنت اور کوشش سے کوروناپر قابوپانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور دھیرے دھیرے کوروناکے معاملات میں کمی آنے لگی ہے اور ضلع ریڈ زون سے باہر نکل رہاہے۔وزیرموصوف نے کہاکہ 15مئی سے پیش آئے کووِڈ کے معاملات کا جائزہ لیاجائے تو پازیٹیو کیسز میں کچھ حدتک کمی ضرور آئی ہے۔مئی 15کو42.29فیصد کووِڈ کے مریضوں کی تعداد بتائی گئی تھی، 23مئی کو یہ تعداد گھٹ کر31.66فیصد ہوگئی ہے۔قریوں میں پھیل رہی کوروناکی وبا پر قابوپانے کیلئے اور کوروناکے معاملات میں کمی لانے کیلئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ عوام کاتعاون ضروری ہے۔دیہی علاقوں میں بیماری پھیلنے کی وجہ سے دیہی علاقوں کے مریضوں کو کووِڈ کیئر سنٹر منتقل کیاجارہاہے۔کوروناکے مریضوں کو لازمی طورپر کووِڈکیئر سنٹر منتقل کئے جانے کے سبب ضلع میں کووڈ کے معاملا ت میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کل سے روزانہ چھ ہزارکووِڈ ٹسٹ کرائے جانے کی ہدایت افسروں کو دی گئی ہے۔ آرٹی پی سی آر 4500اور2500ریاپیڈ ٹسٹ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔بنگلور کے روٹری کلب کی طرف سے کووِڈ ٹسٹ کرانے کیلئے موبائل بس سرویس فراہم کی گئی ہے،جو کووِڈ ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔مادھوسوامی نے مزید کہاکہ سرکاری اسپتالوں کے علاوہ سدھارتا اور شری دیوی میڈیکل کالجوں میں بھی 200ٹسٹ کرائے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ضلع بھرمیں 16ہزار کوروناکے مریض ہوم آئیسولیٹ ہوئے ہیں۔کووِڈ کیئر سنٹر س میں آکسیجن کی کمی نہ آئے اس طرح کے قبل ازوقت انتظامات کئے گئے ہیں،عوام کو خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔کوروناکی تیسری لہرکاسامناکرنے کیلئے تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں۔بچوں کوبھی ویکسین دینے کا فیصلہ کیاگیاتویہاں اس کا انتظام کیاجائے گا۔

اس اخباری کانفرنس میں رکن پارلیمان جی ایس بسوراج،ڈپٹی کمشنر وائی ایس پاٹل،ایس پی ومشی کرشناکے علاوہ دیگرموجود تھے۔


Share: