نئی دہلی ،12 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے منگل کو ممبئی ہائی کورٹ سے انسانی حقوق کے کارکن گوتم نولکھا کی اس درخواست پر آٹھ ہفتے کے اندر فیصلہ کرنے کو کہا جس میں2017 کے کوریگاؤں۔بھیمامعاملہ میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست کی دی گئی ہے۔ عدالت عظمی نے دہلی ہائی کورٹ اور بمبئی ہائی کورٹ کے احکامات کے خلاف دائر مہاراشٹر حکومت کی دو اپیلوں کو زیر التواء رکھا ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے کہا کہ بمبئی ہائی کورٹ نولکھا کی زیر التواء کی درخواست پر آٹھ ہفتے میں فیصلہ دے۔ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے پیش ایڈووکیٹ نشانت آر کٹنیشورکر نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ نے ایک اکتوبر 2018 کو نولکھا کی قیدی معاملے کی درخواست پر ان کی ٹرانزٹ ریمانڈ حکم کو مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص عدالت کے حکم پر قانونی حراست میں ہوتا ہے تو ہائی کورٹ میں قیدی معاملے کی درخواست قابل غور نہیں ہوتی۔ بنچ نے کیس ڈائری پیش کرنے کی بات پر اتفاق کیا اور ریاستی حکومت کے وکیل سے اس معاملے میں ایف آئی آر منسوخ کرنے کے لئے بمبئی ہائی کورٹ میں نولکھا کی عرضی کی صورتحال کے بارے میں پوچھا۔